اوول آفس میں شہباز شریف اور فیلڈ مارشل منیر کی ٹرمپ سے ملاقات

   

واشنگٹن ڈی سی، 26 ستمبر (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعہ کی صبح واشنگٹن ڈی سی کے اوول آفس میں پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف اور فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی میزبانی کی۔ یہ اطلاع روزنامہ ڈان نے دی۔ پاکستانی وزیراعظم آفس (پی ایم او) کی جانب سے میٹنگ کے بعد جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ اس دوران امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیر خارجہ مارکو روبیو بھی موجود تھے اور ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ یہ ملاقات پاکستانی وقت کے مطابق 1:30 بجے شروع ہونی تھا لیکن امریکی صدر کے جانب سے بعض ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کرنے اور صحافیوں سے گفتگو کرنے کی وجہ سے ملاقات تقریباً 30 منٹ تاخیر سے شروع ہوئی۔ ملاقات تقریباً ایک گھنٹہ 20 منٹ جاری رہی۔ یہ دونوں رہنماؤں کے درمیان پہلی باضابطہ دوطرفہ ملاقات ہے اور جولائی 2019 میں ٹرمپ کے پہلے دور صدارت میں سابق وزیراعظم عمران خان کی ملاقات کے چھ سال بعد ہوئی ہے ۔ ملاقات سے قبل صحافیوں سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہائٹ ہاؤس میں ایک عظیم رہنما آرہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل آرہے ہیں، دونوں ہی بہت اچھے لوگ ہیں۔