اوول ٹسٹ : جیسوال کی سنچری، آکاش کیساتھ سنچری پارٹنرشپ

   

لندن، 2 اگست (ایجنسیز) یشسوی جیسوال کی ذمہ دارانہ سنچری اور نائٹ واچر آکاش دیپ کے ساتھ تیسری وکٹ کیلئے شاندار سنچری پارٹنرشپ (107) نے اوول ٹسٹ کو آج تیسرے روز دلچسپ بنا دیا بلکہ ہندوستان کو انگلینڈ پر قدرے برتری دلائی کیونکہ میزبانوں کو چوتھی اننگز میں بیٹنگ کرنی ہوگی جو کینگٹن اوول کی وکٹ پر آسان نہیں ہے۔ ہندوستان نے اپنی دوسری اننگز گزشتہ روز کے اسکور 75/2 سے آگے بڑھائی اور مارننگ سیشن میں آکاش اور جیسوال چھائے رہے۔ آکاش نے 66 کا اپنا ٹاپ ٹسٹ اسکور کیا۔ انھوں نے 94 گیندوں کی اننگز میں 12 چوکے لگائے۔ آکاش کو لنچ سے قبل جیمی اوورٹن کی گیند پر گس اٹکنسن نے کیچ کیا۔ اس دوران جیسوال نے اپنے اسکور کو 51 سے آگے بڑھایا اور 85 پر لنچ کیا۔ دوسرے سیشن میں انھوں نے سیریز کی اپنی دوسری سنچری مکمل کی۔ وہ چائے کے وقفہ سے قبل 118 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ جیسوال کو جوش ٹنگ کی گیند پر اوورٹن نے تھرڈ میان پر کیچ کیا۔ جیسوال نے 164 گیندوں کا سامنا کیا، 14 چوکے اور دو چھکے لگائے۔ کیپٹن شبھ من گل (11) میچ میں دوسری بار ناکام ہوئے۔ گل نے سیریز میں چار سنچریوں کی مدد سے 754 رنز بنائے ہیں۔ کرون نائر بھی 17 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ ٹی بریک پر انڈیا کا اسکور 304/6 ہوا ،جو مجموعی طور پر 281 رنز کی سبقت ہے۔ رویندر جڈیجا 26 اور دھروو جوریل 25 پر کھیل رہے ہیں۔ پہلی اننگز میں پانچ وکٹ لینے والے اٹکنسن 3/99 پر ہیں۔ ٹنگ 2/100 اور اوورٹن 1/74 پر ہیں۔ پہلی اننگز میں انڈیا نے 224 اور انگلینڈ نے 247 اسکور کئے تھے۔