مریض گاندھی دواخانہ حیدر آباد منتقل ، متاثرہ علاقہ ریڈ زون میں تبدیل
اوٹنور۔5۔اپریل( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) دہلی نظام الدین سے واپس لوٹنے والے افراد میں اوٹنور منڈل کے 8 افراد شامل ہیں جن کی جانچ کے بعد حسناپور کے ایک 24 سالہ نوجوان کو کرونا وائرس پازیٹیو ہونے کا ڈاکٹروں نے انکشاف کیا۔جس سے پراجکٹ آفیسر آئی ٹی ڈی اے اوٹنور بھویش مشرا،ڈی ایس پی اوئے ریڈی،ایڈیشنل ڈی ایم اینڈ ایچ او منوہر،آرڈی او ونود کمار نے منڈل میں لاک ڈاون پرپابندی کو سختی میں اضافہ کردیا۔تمام اشیائے ضروری کی دوکانات،ترکاری مارکٹ دوکانات کو مکمل بند کروادیا۔جس کی وجہ سے سڑکیں سنسان ہوگئیں۔محکمہ صحت کا عملہ،آنگن واڑی ورکرس کو 12 ٹیمیں تشکیل دیتے ہوئے موضع حسناپور میں گھر گھر سروے کا آغاز کردیا۔کورونا پازیٹیو ظاہر ہونے والا نوجوان 18مارچ کو دہلی سے حسنہ پور آکر کس کس سے ملاقات کیا اس بات کا پتہ چلانے میں عہدیداران مصروف ہیں۔متاثر شخص کے افراد خاندان کے 14 افرادکو بھی پولیس ،محکمہ صحت کے عہدیداروں نے عادل آباد ضلع مستقر کے کوارنٹائین میں منتقل کردیا۔ اوٹنور منڈل میں کرونا وائرس جراثیم کش محلول ادویات کا چھڑکاؤ کے عمل میں تیزی لاتے ہوئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔سرکل انسپکٹر نریش کمار نے بتایاکہ حسناپور کو ریڈزون قرار دیا گیا ہے۔اوٹنور ڈی ایس پی اودئے ریڈی، آرڈی او ونود کمار نے حسناپور کا دورہ کرتے ہوئے صورت حال کا وقتا فوقتا جائزہ لیتے ہوئے محکمہ پولیس کے جوانوں اور عوام کو ہدایات دے رہے ہیں۔اور عوام کو اپنے گھروں میں ہی رہنے کی اپیل کر رہے ہیں، جسکی وجہ سے عوام میں کرونا وائرس کو لیکر خوف و ہراس کا ماحول پایا جاتا ہے۔