’اوپر سے جڑا کوئی تار نہیں، نیچے سے کوئی آدھار نہیں‘

   

صدر سماج وادی پارٹی اکھلیش یادو کا این ڈی اے حکومت پر طنز

لکھنؤ : بی جے پی کے زیرقیادت قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) حکومت کی آج حلف برداری ہوگئی۔ اس درمیان سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے اس پر سخت طنز کیا ہے۔ انہوں نے اس این ڈی اے کی نئی حکومت کو ایسی حکومت قرار دیا ہے جس کی کوئی بنیاد نہیں ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے لکھا ہے کہ ’اوپر سے جڑا کوئی تار نہیں، نیچے سے کوئی آدھارنہیں۔ اَدھر میں جو ہے اٹکی ہوئی وہ تو کوئی سرکار نہیں‘۔واضح رہے کہ نریندر مودی نے آج شام راشٹرپتی بھون میں مخلوط حکومت کے سربراہ کے طور پر وزیر اعظم کے عہدے کا حلف لیا۔ پچھلی دو میعادوں میں بی جے پی نے مکمل اکثریت حاصل کرکے حکومت بنائی تھی لیکن اس بار اسے مکمل اکثریت نہیں ملی۔ ایسے میں حکومت کی تشکیل میں تلگو دیشم پارٹی اور جنتا دل یونائیٹڈ کا رول فیصلہ کن ہو گیا ہے۔سماجوادی پارٹی نے ’انڈیا الائنس‘ کے ساتھ مل کر الیکشن لڑا اور اتر پردیش میں سب سے زیادہ 37 سیٹیں جیت کر اب تک کی سب سے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ اترپردیش میں سماجوادی پارٹی کی مقبولیت کا اندازہ اس سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ جس ایودھیا کے گرد اس کی پوری سیاست گھوم رہی ہے وہاں پر سماجوادی پارٹی کے امیدوار نے بی جے پی کے امیدوار کو شکست دیتے ہوئے بھرپور اکثریت سے کامیابی حاصل کی ہے۔