حیدرآباد۔ کورونا وباء کے پیش نظر تلنگانہ اوپن اسکول سوسائیٹی ( ٹاس ) کے ایس ایس سی اور انٹرمیڈیٹ کے 1.10 لاکھ طلبا کو سالانہ امتحان کے بغیر پاس کئے جانے کا امکان ہے ۔ امتحانات شیڈول کے مطابق جولائی میںمنعقد ہونے والے تھے ۔ اس کیلئے ایس ایس سی امتحان کیلئے جملہ 63,581 طلبا و طالبات نے اور انٹرمیڈیٹ امتحان کیلئے جملہ 36,806 طلبا و طالبات نے فیس ادا کی تھی ۔ جن طلبا و طالبات نے امتحانات کیلئے فیس داخل کردی تھی انہیں پاس کردئے جانے کا امکان ہے ۔ محکمہ تعلیم کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ جو طلبا امتحان میں شرکت کے اہل قرار پائے تھے انہیںاقل ترین کوالیفائنگ مارکس کے ساتھ پاس کردیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کی وجہ سے ٹاس کے بیشتر امتحانات کا جولائی انعقاد ممکن نہیں ہوگا اور کوالیفائنگ مارکس کے ساتھ طلبا کو پاس کردیا جائیگا ۔ جو طلبا اپنے نشانات ( مارکس ) میں بہتری چاہتے ہیں وہ حالات سازگار ہونے کے بعدا متحان میں شرکت کرسکتے ہیں۔ سال گذشتہ بھی ریاستی حکومت کی جانب سے تلنگانہ اوپن اسکول سوسائیٹی کے انٹرمیڈیٹ اور ایس ایس سی امتحانات میں شرکت کیلئے فیس بھرنے والے تمام طلبا کو کامیاب قرار دیدیا گیا تھا ۔