ایٹاوہ: ممبئی کے خلاف رانجی ٹرافی میں ناٹ آؤٹ ڈبل سنچری بنانے والے ریلوے کے بہترین وکٹ کیپر ۔بیاٹر اوپیندر یادو کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2023 سیزن کیلئے خریدے جانے پر ان کے آبائی شہر ایٹاوہ میں خوشی کا ماحول ہے ۔ ان کا خاندان کانپور کے یشودا نگر میں رہتا ہے۔ ضلع کے چھوٹے سے گاؤں جوگراماؤ میں پیدا ہوئے اوپیندر کو حیدرآباد سن رائز نے آئی پی ایل کی نیلامی میں 25لاکھ روپے میں خریدا ہے ۔ آئی پی ایل میں ان کی بنیادی قیمت 20لاکھ روپے تھی۔ اوپیندر کے انتخاب کے بعد ان کے گاؤں میں جشن کا ماحول ہے اور ان کے خاندان کے افراد کو مبارکباد دینے والوں کا ہجوم لگا ہے ۔ سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے بھی اوپیندر اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد دی ہے ۔ اوپیندر، جو سابق ہندوستانی کپتان مہندر سنگھ دھونی کو آئیڈیل مانتے ہیں، انھوں نے اپنا فرسٹ کلاس ڈیبیو 2016-17 میں یوپی رانجی ٹیم کے رکن کے طور پر کیا، جبکہ 5 فبروری 2018کو انہوں نے وجے ہزارے ٹرافی میں اتر پردیش کیلئے لسٹ A میں کیریر شروع کیا۔ اوپیندر کے والد دیوان سنگھ یادو حال ہی میں یوپی پولیس سے سب انسپکٹر کی حیثیت سے ریٹائر ہوئے ہیں۔ 26 سالہ اوپیندر رنجی ٹرافی میں ڈبل سنچری بنانے والے اتر پردیش کے 12ویں کھلاڑی ہیں۔ اپنے رنجی کیریئر میں اب تک چار سنچریاں اسکور کرچکے اپیندر نے کانپور کے کے ڈی ایم اے اسکول میں انٹرمیڈیٹ پاس کرنے کے بعد بیٹنگ کے ساتھ ساتھ وکٹ کیپنگ کی مشق بھی شروع کردی۔ والد دیوان سنگھ یادو اور ماں متھلیش یادو کے علاوہ گاؤں والے بیٹے کے انتخاب کی خوشی میں مٹھائیاں بانٹ رہے ہیں۔ اوپیندر کے چچا پردیپ کمار کا کہنا ہے کہ اوپیندر کو بچپن سے ہی کرکٹ کھیلنے کا بہت شوق تھا جس کی وجہ سے وہ آج کرکٹ کا بڑا کھلاڑی بن گیا ہے ۔ والد دیوان سنگھ یادو کا کہنا ہے کہ ہر باپ کا خواب ہوتا ہے کہ ان کا بیٹا ان سے آگے بڑھے اور بڑا بنے لیکن ان کے بیٹے نے جو کام کیا وہ واقعی قابل تعریف ہے ۔ وہ پُر امید اور پُراعتماد ہیں کہ ایک دن ان کا بیٹا ہندوستانی کرکٹ ٹیم کا حصہ ضروربنے گا۔ واضح رہے کہ اوپیندر کانپور کے وہ تیسرے کھلاڑی ہیں جنہیں آئی پی ایل میں ’چائنا مین‘ بولر کلدیپ یادو اور تیز گیند باز انکت راجپوت کے بعد منتخب کیا گیا ہے ۔