ریاض : سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے ان رپورٹس کی تردید کر دی ہے جن میں کہا جا رہا تھا کہ سعودی عرب اس وقت اوپیک پلس کے دیگر پروڈیوسرز کے ساتھ یومیہ 5 لاکھ بیرل پیداوار میں اضافہ کی بات چیت کر رہا ہے۔سعودی وزیر نے مزید کہا یہ معلوم ہے اور یہ کسی کیلئے راز نہیں ہے کہ اوپیک پلس اپنے اجلاسوں سے قبل کسی فیصلے پر بات نہیں کرتا۔ اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ اوپیک پلس کی طرف سے اس وقت کی یومیہ 20 لاکھ بیرل کی کمی 2023 کے آخر تک جاری رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا اگر طلب اور رسد کے درمیان توازن بحال کرنے کیلئے پیداوار کو کم کرنے کیلئے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے تو ہم ہمیشہ مداخلت کیلئے تیار ہیں۔ قبل ازیں وال سٹریٹ جرنل نے اطلاع دی تھی کہ 4 دسمبر کو ہونے والے اوپیک پلس کے اجلاس میں یومیہ 5 لاکھ بیرل تک پیداوار بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔