ویانا : تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک اور اس کے اتحادی ممالک نے فروری میں تیل کی یومیہ پیداوار میں 4لاکھ بیرل اضافہ کرنے کا اعلان کردیا۔ 13رکن ممالک پر مشتمل اوپیک اور اس کے اتحادی روس کی قیادت میں 10 ممالک نے دنیا میں کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد یومیہ پیداوار میں کمی کردی تھی۔ اب وہ عالمی مارکیٹ میں قیمتیں قدرے مستحکم ہونے کے بعد بتدریج تیل پیداوار میں اضافہ کررہے ہیں۔ اوپیک اوراس کے اتحادی ممالک نے اپنے بیان میں کہا کہ تیل پیداوار میں اضافے کا فیصلہ اس امید کے ساتھ کیا ہے کہ اومیکرون کے تیزی سے پھیلنے کے باوجود زمینی وفضائی سفر اور ایندھن کی مانگ برقرار رہے گی۔ اوپیک اور اوپیک پلس اتحاد نے کہا ہے کہ وہ فروری سے یومیہ پیداوار میں 4لاکھ بیرل کا اضافہ کرے گا اور وبا کے عروج کے دوران میں پیداوار میں کی گئی کٹوتی کو آہستہ آہستہ بحال کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ یاد رہے کہ نومبر کے آخرمیں اومیکرون کی تشخیص کی ابتدائی اطلاعات کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی تھی اور تیل کے ذخائربھی کم ہوگئے تھے۔ لیکن اس کے بعد قیمتیں بحال ہوگئیں اورمارکیٹ میں انتشار کیفیت ختم ہوچکی ہے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کی آمدورفت اورشہری ہوا بازی کی سرگرمی سے پتاچلتا ہے کہ اومیکرون سے ایندھن کی مانگ میں زبردست کمی نہیں آسکتی۔