بھونیشور:اوڈیشہ میں ہفتہ کو زبردست بارش ہوئی۔ اس دوران چھ اضلاع میں آسمانی بجلی گرنے سے 10 افراد ہلاک ہوئے۔ اسپیشل ریلیف کمشنر کے دفتر نے بتایا کہ کھردہ ضلع میں چار، بولانگیر میں 2 اور انگول، بودھ، جگت سنگھ پور اور ڈھینکنال میں ایک ایک شخص آسمانی بجلی گرنے سے ہلاک ہوا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ خردہ میں آسمانی بجلی گرنے سے تین افراد زخمی بھی ہوئے۔اوڈیشہ حکومت کے خصوصی ریلیف کمشنر نے کہا کہ اوڈیشہ کے ساحلی علاقے بشمول راجدھانی بھونیشور اور کٹک شہروں میں آسمانی بجلی کے ساتھ شدید بارش ہوئی۔ اس کے ساتھ ہی محکمہ موسمیات نے اگلے چار دنوں تک ریاست کے کئی حصوں میں تیز بارش اور آسمانی بجلی گرنے کی پیش گوئی کی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ طوفان نے مانسون کو متحرک کر دیا ہے، جس کی وجہ سے ریاست بھر میں بھاری بارش ہو رہی ہے۔ بھونیشور اور کٹک شہروں میں بالترتیب 126 ملی میٹر اور 95.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس کے ساتھ ہی محکمہ موسمیات نے طوفان کے دوران لوگوں کو محفوظ مقامات پر رہنے کا مشورہ دیا ہے۔بھونیشور کے علاقائی موسمیاتی مرکز کے ڈائریکٹر ایچ آر بسواس نے کہا کہ خلیج بنگال پر بھی ایک طوفانی گردش برقرار ہے۔ 3 ستمبر کے آس پاس خلیج بنگال کے شمال میں ایک اور سائیکلونک سرکولیشن بننے کا امکان ہے۔ اس کے اثرات کے باعث آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران کم دباؤ کا علاقہ بننے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ سائیکلونک سرکولیشن اور ممکنہ کم دباؤ کے علاقے کی وجہ سے اگلے تین سے چار دنوں کے دوران شدید بارشیں ہوسکتی ہیں۔