پائلٹ سمیت 6 لوگ زخمی‘ لینڈنگ کے دوران حادثہ
بھونیشور۔10؍جنوری ( ایجنسیز )بھونیشور سے راؤرکیلا جا رہا انڈیا ون ایئر کا 9 سیٹر طیارہ لینڈنگ کے دوران اچانک حادثے کا شکار ہو گیا۔ اس حادثے میں 6 لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ طیارہ راؤرکیلا کے رگھوناتھ پلی علاقے میں جالدا اے بلاک کے پاس گر کر تباہ ہوا۔ راحت کی بات یہ ہے کہ بڑا حادثہ ہونے سے ٹل گیا ہے۔ طیارہ میں سوار تمام لوگوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔رپورٹس کے مطابق انڈیا ون ایئرلائنس کے طیارے نے دوپہر قریب 1.30 بجے کاٹی بندھا کنسارا کے پاس ایک کھیت میں ایمرجنسی لینڈنگ کی۔ بتایا جا رہا ہے کہ 4 مسافروں اور 2 پائلٹوں کو لے جا رہے سنگل۔انجن والے اس طیارہ میں قریب 4 سے 5 کلومیٹر تک پرواز کرنے کے بعد تکنیکی خرابی آ گئی، جس کی وجہ سے پائلٹ کو طیارے کی کریش لینڈنگ کرانی پڑی۔ حادثہ کا شکار طیارے کی تصاویر بھی سامنے آئی ہیں، جن میں صاف طور پر نظر آ رہا ہے کہ طیارے کا اگلا حصہ بری طرح تباہ ہو گیا ہے، ونگس (پنکھ) بھی ٹوٹے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔جائے وقوع پر پہنچی فائر ڈپارٹمنٹ کی ٹیم کے مطابق سندرگڑھ ضلع کے راؤرکیلا کے کنسار میں ایک چھوٹا پرائیویٹ طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا جس کی وجہ سے اس میں سوار لوگ اندر ہی پھنس گئے۔ اطلاع ملتے ہی زخمیوں کو ریسکیو کیا گیا۔ حادثہ کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔
میڈیاکے مطابق حادثہ کا شکار چارٹرڈ طیارہ راؤرکیلا ایئرپورٹ پر اترنے سے قبل تقریباً 10 سے 15 کلومیٹر کے فاصلے پر جالدا علاقے کے پاس نیچے آ گیا۔ پائلٹ نے ایمرجنسی لینڈنگ کی کوشش کی تھی لیکن طیارہ تیزی سے نیچے آ کر حادثہ کا شکار ہو گیا۔ دوپہر 1 بجے طیارے کو راؤرکیلا میں لینڈ کرنا تھااس سے پہلے ہی حادثہ ہو گیا۔
