صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے پروفیسر میرسعادت علی کو چیک حوالے کیا
حیدرآباد۔ 8 اگست (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے اوڈیشہ کی سنچورین یونیورسٹی میں اقلیتی طلبہ کی مختلف کورسس میں ٹریننگ کے لیے پہلی قسط کے طور پر 10 لاکھ روپئے کی رقم جاری کی ہے۔ محکمہ اقلیتی بہبود نے سنچورین یونیورسٹی میں اسکل ڈیولپمنٹ کے تحت اقلیتی امیدواروں کو چار مختلف کورسس میں ٹریننگ کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹریننگ کے اخراجات وقف بورڈ کی جانب سے ادا کیئے جائیں گے۔ پہلے مرحلہ میں 59 طلبہ کا انتخاب کیا گیا جو انیمیشن، سی این سی، میکانک آپریٹر، جی ڈی اے اور اکائونٹس کی ٹریننگ حاصل کریں گے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے یونیورسٹی کے پروفیسر میر سعادت علی کو 10 لاکھ روپئے کا چیک حوالے کیا۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹیو آفیسر عبدالحمید موجود تھے۔ امیدواروں کی اوڈیشہ روانگی کے لیے علیحدہ طور پر ایک لاکھ روپئے جاری کیے جائیں گے۔ یونیورسٹی میں امیدواروں کے قیام، طعام اور ٹریننگ کے تمام اخراجات وقف بورڈ کی جانب سے ادا کیے جارہے ہیں۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے کہا کہ کے سی آر کی زیر قیادت تلنگانہ حکومت اقلیتیوں کو مختلف کورسس میں تربیت دینے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ اپنی آمدنی میں اضافے کے ذریعہ اقلیتوں کی بھلائی بالخصوص تعلیمی ترقی کی اسکیمات شروع کرنے کی تجویز رکھتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اقلیتی طلبہ سنچورین یونیورسٹی میں بہتر ٹریننگ حاصل کریں گے۔ وقف بورڈ کو مجموعی طور پر 17 لاکھ روپئے جاری کرنے ہیں۔