بھوبنیشور : اوڈیشہ کے چیف منسٹر نوین
پٹنائک نے آج ریاست سے تعلق رکھنے والی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ٹوکیو اولمپکس میں قابل ستائش مظاہرہ کرنے پر تہنیت پیش کی۔ اس موقع پر بریندرا لکڑا اور امیت روہی داس کو فی کس ڈھائی کروڑ روپئے انعام دیئے گئے کیونکہ یہ کھلاڑی ہندوستانی مرد ہاکی ٹیم کے رکن ہے جنہوں نے ٹوکیو اولمپکس میں تاریخی برونز میڈل حاصل کیا۔ علاوہ ازیں پٹنائک نے لکڑا اور روہی داس کو ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے عہدہ پر ملازمت کا مکتوب بھی حوالہ کیا۔ کلنگا اسٹیڈیم میں منعقدہ اس تہنیتی تقریب میں ریاستی چیف منسٹر نے ہاکی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کے مظاہروں کی ستائش کی اور امید کی کہ یہ کھلاڑی اسی طرح سخت محنت اور شاندار مظاہروں کے ذریعہ ملک کیلئے مزید فتوحات حاصل کریں گے۔ اس موقع پر ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے چیف منسٹر سے اظہارتشکر کیا۔ اس موقع پر لکڑا نے کھلاریوں کی جانب سے اظہارتشکر کی شکل میں چیف منسٹر کو ایک جرسی پیش کی جس پر تمام کھلاڑیوں کے دستخط موجود ہیں۔ علاوہ ازیں انہوں نے خاتون ٹیم کی جرسی بھی پیش کی جس میں تمام کھلاڑیوں کی دستخط موجود ہیں۔ یاد رہے ہندوستان کی مرد ہاکی ٹیم نے جرمنی کو 5-4 سے شکست دیکر 41 برسوں میں پہلی مرتبہ ہاکی کا میڈل برونز کی شکل میں حاصل کیا ہے۔