حیدرآباد ایم پی بی جے پی سے راست بات کریں ، ٹی وی پر بیان بازی نہیں
لکھنو : سی اے اے ۔ این آر سی کو منسوخ کردینے صدرمجلس و حیدرآباد ایم پی اسد اویسی کے مطالبے پر کسان لیڈر راکیش ٹکیت نے کہا ہے کہ یہ مطالبہ ٹی وی پر نہیں بلکہ برسراقتدار بی جے پی سے راست طورپر کیا جانا چاہئے ۔ ٹکیت نے آج اسد اویسی کے ٹی وی پر بیانات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی سے اُن کا رشتہ تو چاچا ۔ بھتیجا جیسا ہے ۔ پھر وہ محض ٹی وی پر بیان بازی پر اکتفاء کیوں کرتے ہیں ؟ اگر وہ سی اے ۔ این آر سی کی واقعی تنسیخ چاہتے ہیں تو اُنھیں بی جے پی سے راست رابطہ قائم کرتے ہوئے اپنا مطالبہ سامنے رکھنا چاہئے ۔ بھارتیہ کسان یونین کے لیڈر نے کہا کہ کسانوں نے متناز عہ زرعی قوانین کے خلاف صرف بیان بازی نہیں کی بلکہ وہ مرکزی حکومت اور اُس کی پالیسی کے خلاف میدان پر آئے ۔ اُنھوں نے شاہین باغ احتجاج کا حوالہ بھی دیا جو سی اے کے خلاف منعقد کیا گیا تھا ۔ ٹکیت نے کہاکہ حکومتوں سے ٹکرانا ہو تو بیان بازی سے کام نہیں چلتا ، قائدین کو سڑکوں پر اُترنا پڑیگا اور حکومت سے راست بات کرنا ہوگا ۔ اسد اویسی نے بارہ بنکی میں جلسہ عام سے خطاب میں مطالبہ کیا تھا کہ بی جے پی حکومت شہریت ترمیمی قانون ( سی اے اے ) کو منسوخ کرے ۔ اُنھوں نے بارہ بنکی میں شاہین باغ طرز کا احتجاج کرنے کاانتباہ بھی دیا ۔
