ممبئی : دہلی کیپیٹیلس کے نئے کپتان رشپھ پنت نے مہندر سنگھ دھونی کی زیرقیادت چینائی سوپر کنگس کے خلاف ٹورنمنٹ کے اپنے افتتاحی مقابلے میں کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے کھلاڑیوں خاص کر اوپنرس شکھر دھون اور پارتھوی شا کے ہمراہ فاسٹ بولر اویس شاہ کی تعریف کی ہے ۔ چینائی کیخلاف کامیابی کیلئے مطلوبہ 189 رنز کے نشانے کے تعاقب میں دہلی نے جہاں 7 وکٹوں کی کامیابی حاصل کی وہیں اوپنرس کی جوڑی دھون نے 85 اور پارتھوی نے 72 رنز کی دھماکہ خیز اننگز کھیلی ۔ اس مقابلہ میں کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے پنت نے کہا کہ مقابلہ کیلئے مہندر سنگھ دھونی کے ساتھ ٹاس کیلئے میدان میں جانا زندگی کا ایک یادگار لمحہ ہے کیونکہ میں نے دھونی کے ساتھ ہندوستانی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے بہت کچھ سیکھا ہے اور اپنے مثالی کھلاڑی کے ساتھ ٹاس کیلئے میدان پر پہنچنا میرے لئے ایک ناقابل فراموش لمحہ ہے ۔ پنت نے مزید کہا کہ ٹیم کو فاسٹ بولروں کی جوڑی کیگیسو ربادا اور اینڈریچ کی خدمات دستیاب نہیں تھیں لیکن اویش شاہ نے دباؤ کے لمحات میں بہترین مظاہرہ کیا اور خاص کر درمیانی اوورس میں حریف ٹیم کو زیادہ رنز بنانے نہیں دیئے ۔ دوسری جانب چینائی کے کپتان مہندر سنگھ دھونی اپنے بولروں سے ناراض دکھائی دیئے اور مقابلہ کے بعد انہوں نے کہا کہ بولروں کو اس مظاہرہ کے بعد اپنا احتساب کرنا ہوگا ۔ دھونی کے بموجب بولر بہتر مظاہرہ کرسکتے تھے ۔ دھونی نے مزید کہا کہ بولروں نے اپنے منصوبے کو بہتر طریقہ سے روبہ عمل نہیں لایا ۔ دھونی نے شبنم کے کردار کو بھی مقابلہ میں اہمیت کا حامل قرار دیا اور کہا کہ ٹاس جیت کر پنت نے فیلڈنگ کا جو فیصلہ کیا تھا اس میں کہیں نہ کہیں ان کے ذہن میں دوسری اننگز میں شبنم کا کردار رہا ہوگا۔