او بی سی تحفظات پر سختی سے عمل کیا جائے

   

نیشنل بی سی کمیشن چیرپرسن کا راما گنڈم دورہ، عہدیداروں کیساتھ مختلف امور کا جائزہ

پداپلی: 5ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نیشنل بی سی کمیشن چیرپرسن ہنس راج گنگارام اہیر نے کہا کہ او بی سی ریزرویشن کو سختی سے لاگو کیا جائے۔ بی سی کمیشن چیرپرسن ہنس راج گنگارام اہیرنے بروز پیر راما گنڈم کا دورہ کیا، ان سے جیوتی بھون میں این ٹی پی سی، آر ایف سی ایل، سرکاری محکموں کے ضلعی افسروں اور تحصیلداروں نے خیر سگالی ملاقات کی۔ بعدازاں ضلع ایڈیشنل کلکٹر شیام پرساد لعل اور بی سی کمیشن چیرپرسن ہنس راج گنگارام اہیر نے این ٹی پی سی لاؤنج روم میں تلنگانہ حکومت کے تحت ضلع میں او بی سی ریزرویشن کے نفاذ کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ضلع کی آبادی میں او بی سی فیصد، خواندگی، او بی سی ویلفیئر ہاسٹلز کا انتظام، او بی سی طلباء کی پری میٹرک اسکالرشپ، پوسٹ میٹرک اسکالرشپ، کسانوں، زرعی مزدوروں، او بی سی بے روزگاروں وغیرہ کی تفصیلات دریافت کی گئیں۔انہوں نے ضلع میں طلباء کو او بی سی سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے طریقہ کار کے بارے میں دریافت کیا۔ ضلع کی گاؤں پنچایتوں میں او بی سی ریزرویشن کے نفاذ اور او بی سی سرپنچوں کی تفصیلات جانی گئیں۔عہدیداروں نے وضاحت کی کہ حکومت 9ویں سے 10ویں جماعت تک تعلیم حاصل کرنے والے OBC طلباء کو پری میٹرک اسکالرشپ، انٹر اور اس سے اعلی ٰتعلیم حاصل کرنے والوں کو پوسٹ میٹرک اسکالرشپ فراہم کررہی ہے۔ بی سی کمیشن کے چیرپرسن ہنس راج گنگارام اہیر نے راما گنڈم میڈیکل کالج میں داخلوں کے دوران عہدیداروں کے ساتھ او بی سی ریزرویشن کے نفاذ پر تبادلہ خیال کیا۔اس اجلاس میں ضلع بی سی ڈیولپمنٹ آفیسر جے رنگاریڈی، ڈسٹرکٹ رورل ڈیولپمنٹ آفیسر شریدھر، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مادھوی، ڈسٹرکٹ ویلفیر آفیسر رؤف خان, ڈسٹرکٹ پبلک ریلیشن آفیسر محمد ایوب خان اور دیگر متعلقہ عہدیداروں نے شرکت کی۔