او بی سی خواتین کو انصاف ملنے تک مساعی جاری رکھنے کا الزام

   

لندن میں برج انڈیا کی جانب سے کانفرنس، ایم ایل سی کے کویتا کا خطاب

نظام آباد۔/7اکٹوبر( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) خواتین تحفظات بل کی منظوری کے باعث ملک کی خواتین کو مستقبل میں بہترین فائدہ کا مشاہدہ حاصل ہوگا۔ان خیالات کا اظہار دختر وزیراعلیٰ و رکن کونسل کلواکنٹلہ کویتا نے لندن میں برج انڈیا سرکردہ عوامی پالیسی تنظیم کی جانب سے بعنوان خواتین تحفظات۔جمہوری امور میں خواتین کی شراکت داری کے عنوان پر منعقدہ کانفرنس میں کلیدی خطاب کے دوران کیا۔انہوںنے کہاکہ خواتین تحفظات بل کی وجہہ سے مقننہ میں بہت زیادہ خواتین کے داخلے کی راہ ہموار ہوگی ‘کے کویتا نے کہاکہ بحالت موجودہ ہندوستان کی پارلیمنٹ میں خاتون ارکان کی تعداد 78ہے اب اس بل کی منظوری کے بعد خاتون ارکان کی تعداد 181تک پہنچ جائیگی۔کویتا نے کہاکہ خواتین تحفظات بل میں او بی سی خواتین کیلئے کوٹہ کی عدم موجودگی باعث تشویش ہے انہوں نے کہاکہ او بی سی خواتین کو انصاف کی فراہمی کیلئے جدوجہد جاری رکھی جائیگی۔کویتا نے کہاکہ چند ریاستوں کے ماسواء￿ بیشتر ریاستوں میں مجالس مقامی میں پہلے ہی33فیصد خواتین تحفظات پر عمل آوری ہورہی ہے اور مقامی انتظامیہ میں خواتین کی حصہ داری بڑھ کر تقریباً 57فیصد ہوچکی ہے۔انہوں نے کہاکہ ریاست تلنگانہ کیلئے یہ بات باعث فخر ہے کہ مجالس مقامی میں 55-57فیصد عہدوں پر خواتین قابض ہیںجن میں 92فیصد کا تعلق بھارتیہ راشٹریہ سمیتی سے ہے۔انہوںنے کہاکہ ہندوستان میں خواتین تحفظات بل منظور ہوچکا ہے۔اس موقع پر برج انڈیا کی جانب سے خواتین ریزرویشن پر کویتا کے کام پر ویڈیو بھی پیش کی گئی۔