اَن لاک 5 کے تحت کئی ریاستوں میں سنیما ہالس کھل گئے

,

   

50% شائقین اور کورونا پروٹوکول کا لزوم ، دہلی کی ایک تھیٹر میں صرف 4افراد
نئی دہلی : حکومت کی جانب سے ان لاک 5.0 کے تحت 15 اکتوبر سے سنیما ہالس مشروط طور پر کھولنے کی اجازت دی گئی ہے جبکہ مذہبی، سماجی و سیاسی اجتماعات کو بھی شرائط کے ساتھ منظوری دی گئی ہے۔ ملک کے بعض حصوں میں طلبہ کو کلاس روم جانے کی بھی حکومت نے اجازت دی ہے۔ کورونا وائرس کی وباء پر قابو پانے کیلئے لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا اور مرحلہ وار اس میں نرمی کی گئی۔ حکومت نے اَن لاک پر بھی مرحلہ وار عمل کیا اور اَن لاک 5.0 کے تحت سنیما ہالس کو 50% گنجائش کے ساتھ کھولنے کی اجازت دی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اُترپردیش، مدھیہ پردیش، دہلی اور ہریانہ کے بشمول بعض ریاستوں میں 50% شائقین کے ساتھ 15 اکتوبر سے سنیما ہالس ، تھیٹرس اور ملٹی پلکس کو کھول دیا گیا۔ سنیما ہالس کے عام مقام اور ویٹنگ ہالس میں کم از کم 6 فیٹ کے فاصلے کی برقراری کو لازمی قرار دیا ہے۔ سماجی، تعلیمی، کھیل سرگرمیوں، تفریح، تہذیبی سرگرمیوں، مذہبی و سیاسی اجتماعات کیلئے بھی رعایت دی گئی ہے۔ بند مقامات پر 200 افراد کی پابندی یا نصف گنجائش کی اجازت دی گئی ہے۔دہلی کے گریٹر کیلاش کی ایک تھیٹر میں مارننگ شو کیلئے صرف 4 افراد نے ٹکٹ خریدا۔