اُدھو ٹھاکرے نئے چیف منسٹر مہاراشٹرا ہونگے : شرد پوار

,

   

٭ ٹھاکرے کی قیادت پر کانگریس، این سی پی اور سینا میں اتفاق
٭ آج تمام باتوں کی قطعیت کے بعد پریس کانفرنس متوقع

ممبئی ، 22 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا میں نئی حکومت کی قیادت سربراہ شیوسینا اُدھو ٹھاکرے کریں گے، صدر این سی پی شرد پوار نے جمعہ کو یہ بات کہتے ہوئے اس بارے میں قیاس آرائی کو ختم کردیا کہ چیف منسٹر کے عہدہ پر کون فائز ہوگا، اس طرح ریاست میں غیربی جے پی اقتدار قائم کرنے کی کوششوں نے رفتار پکڑی ہے۔ مہاراشٹرا میں نئی حکومت تشکیل دینے کوشاں کانگریس، این سی پی اور سینا کے سرکردہ قائدین کی طویل میٹنگ سے باہر آتے ہوئے پوار نے کہا کہ ٹھاکرے کی قیادت پر اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔ انھوں نے میٹنگ کے بعد میڈیا والوں کو بتایا کہ قیادت کا مسئلہ تصفیہ طلب نہیں ہے۔ چیف منسٹرشپ کے مسئلے پر کوئی دو رائے نہیں ہے۔ نئی حکومت کی قیادت اُدھو ٹھاکرے کو سونپنے کے بارے میں اتفاق رائے ہے۔ جب پوچھا گیا کہ آیا 59 سالہ ٹھاکرے جو موجودہ طور پر لیجسلیٹر نہیں ہیں، نئے چیف منسٹر ہوں گے، پوار نے فوری جواب دیا: ’’کیا آپ ہندی نہیں سمجھتے ہو۔ نئی حکومت کی قیادت اُدھو ٹھاکرے کریں گے۔‘‘ ٹھاکرے کی قیادت کے بارے میں پوار کے بیان کے تعلق سے استفسار پر سینا ایم ایل اے ایکناتھ شنڈے جو اس میٹنگ میں شریک رہے، انھوں نے علحدہ طور پر اخباری
نمائندوں کو بتایا کہ اس مسئلہ پر کوئی تبادلہ خیال نہیں ہوا۔

شنڈے جو گزشتہ ماہ سینا کے لجسلیٹیو ونگ کے لیڈر منتخب ہوئے، انھیں چیف منسٹر کے عہدہ کے دعوے داروں میں سے مانا جاتا ہے۔ دریں اثناء ترجمان اعلی این سی پی نواب ملک نے کہا کہ پوار زور دیتے آئے ہیں کہ ٹھاکرے ہی حکومت کی قیادت کریں۔ انھوں نے ایک نیوز چیانل کو بتایا کہ ’’پوار صاحب نے کہا کہ اس مسئلہ پر اتفاق رائے ہوچکا ہے۔ اب اُدھو ٹھاکرے جی کو فیصلہ کرنا ہے‘‘۔ پوار نے کہا کہ ورلی کے نہرو سنٹر میں منعقدہ میٹنگ میں ممکنہ حکومت کیلئے حکمرانی کے ایجنڈے پر سیرحاصل بات چیت ہوئی۔ سابق مرکزی وزیر جو مہاراشٹرا میں تشکیل حکومت کی بات چیت کا محور رہے ہیں جبکہ اسمبلی چناو کے نتائج کا اعلان کئے تقریباً ایک ماہ گزر گیا، انھوں نے کہا کہ کل (ہفتہ کو) سب کچھ قطعیت پانے کے بعد پریس کانفرنس ہوگی۔ پوار کے تھوڑی دیر بعد ٹھاکرے بھی میٹنگ سے باہر آئے اور انھوں نے کہا کہ بات چیت اطمینان بخش انداز میں ہوئی ہے۔ حکومت سازی پر مذاکرات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ اب زیادہ اہم اور عملی پہلووں پر بات ہورہی ہے۔ تمام تر تفصیلات قطعیت پانے کے بعد تینوں پارٹیاں آپ کے روبرو ان کا انکشاف کریں گے۔