مانو میں اُردو مصنفین کا 2 روزہ ورکشاپ، ڈاکٹر چندن سریواستو، پروفیسر ویبھا شرما اور پروفیسر عین الحسن کا خطاب
حیدرآباد 10 فروری (سیاست نیوز) مرکزی حکومت نے اُردو کے بشمول مختلف ہندوستانی زبانوں میں اعلیٰ تعلیمی درسی کتب کی تیاری کے لئے آئندہ مالیاتی سال 6 ہزار کروڑ کا بجٹ مختص کیا ہے۔ اِس بجٹ کے ذریعہ 2.5 لاکھ درسی اور علمی کتب کی تیاری اور اشاعت کا نشانہ ہے۔ بھارتیہ بھاشا سمیتی نئی دہلی کے اکیڈیمک کوآرڈینیٹر ڈاکٹر چندن سریواستو نے مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی میں اُردو مصنفین کے 2 روزہ ورکشاپ کے افتتاحی اجلاس سے بحیثیت مہمان خصوصی آن لائن خطاب کیا۔ وائس چانسلر اُردو یونیورسٹی پروفیسر سید عین الحسن نے صدارت کی۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی شعبہ انگریزی کے پروفیسر ویبھا شرما بھی مہمان خصوصی تھے۔ ڈاکٹر چندن سریواستو نے بتایا کہ نئی تعلیمی پالیسی کے تحت مرکزی حکومت نے بی بی ایس کو یونیورسٹیز کے لئے نصابی کتابوں کی تیاری کا کام تفویض کیا ہے۔ اِس سلسلہ میں اُردو یونیورسٹی کو مختلف مضامین کی اعلیٰ سطحی اُردو نصابی کتابوں کی تیاری کی نوڈل ایجنسی مقرر کیا گیا۔ پروفیسر عین الحسن نوڈل آفیسر ہیں۔ کتابوں کی تیاری کی اسکیم میں 4.5 لاکھ اساتذہ اور ماہرین اور ایک ہزار سے زائد اداروں کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔ بی بی ایس کتاب یوجنا کے تحت ایکزیکٹیو ای بُک کی تیاری پر توجہ دے رہی ہے۔ ڈاکٹر چندن سریواستو نے بی بی ایس کے تحت اُردو کتب کی تیاری میں مانو کے سرگرم رول کی ستائش کی اور کہاکہ اُردو یونیورسٹی نے ابتداء ہی میں جس انداز سے کام کیا ہے وہ دیگر زبانوں کے لئے قابل تقلید ہے۔ پروفیسر عین الحسن نے صدارتی خطاب میں اساتذہ کو مشورہ دیا کہ وہ خود کو نصاب تک محدود نہ رکھیں۔ بی بی ایس نے اساتذہ کو اِس بات کا موقع فراہم کیا ہے کہ وہ طلبہ کو زائداز نصاب زاویوں سے علمی طور پر مستفید کریں۔ اُنھوں نے نشاندہی کی کہ این ای پی مانو کے تدریسی ماحول کیلئے نہایت سازگار ہے۔ ہندوستانی علوم کے نظام کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ ہماری روایات ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں ہے۔ پروفیسر ویبھا شرما نے کہاکہ اُردو کو انگریزی کی طرح جمہوری زبان کا درجہ حاصل ہے۔ اُردو ہندوستان کی روح کا حصہ ہے۔ اُنھوں نے یاد دلایا کہ اُردو کی شناخت سے مربوط نمائشی الفاظ محض استعمال سے زبان کو اُس کا مستحقہ مقام نہیں مل سکتا۔ اُردو کسی مذہب کی نہیں بلکہ وطن کی زبان ہے۔ پروفیسر اشتیاق احمد، پروفیسر رضا اللہ خاں، پروفیسر خالد مبشرالظفر اور دوسروں نے مخاطب کیا۔ مرکز برائے فاصلاتی و آن لائن تعلیم کی جانب سے 426 ایس ایل ایم تیار کئے گئے ہیں۔ اِس موقع پر ڈی ٹی ٹی ایل پی کے ذریعہ شائع کردہ 5 کتابوں کی رسم اجراء انجام دی گئی۔1