اُردو اکیڈیمی کے مولانا ابوالکلام آزاد و مخدوم ایوارڈس کی پیشکشی

   

پروفیسر انور معظم کو مولانا آزاد اور رشیدالدین کو صحافت کا مخدوم ایوارڈ
وزیرداخلہ محمود علی اور وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے ایوارڈس پیش کئے

حیدرآباد 11 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ اُردو اکیڈیمی کے زیراہتمام ملک کے پہلے وزیر تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد کی یوم پیدائش کے موقع پر مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیتوں کو مولانا ابوالکلام آزاد ایوارڈ، مخدوم ایوارڈ اور کارنامہ حیات ایوارڈ پیش کئے۔ اِس کے علاوہ بیسٹ ٹیچر اور بیسٹ اُردو اسٹوڈنٹ ایوارڈ بھی پیش کئے گئے۔ ریاستی وزیرداخلہ محمد محمود علی اور وزیر اقلیتی اُمور کے ایشور کے ہاتھوں ایوارڈس کی تقسیم عمل میں آئی۔ صدرنشین اُردو اکیڈیمی مولانا رحیم الدین انصاری نے تقریب کی صدارت کی۔ اُردو مسکن میں منعقدہ اِس پُراثر تقریب میں حکومت کے مشیر برائے اقلیتی اُمور اے کے خان، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم آئی پی ایس، صدرنشین اقلیتی کمیشن محمد قمرالدین، پرنسپل سکریٹری اقلیتی بہبود اجئے مشرا، صدرنشین حج کمیٹی محمد مسیح اللہ خان اور سابق سکریٹری ڈائرکٹر اُردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور موجود تھے۔ مولانا ابوالکلام آزاد ایوارڈ کیلئے پرنس مفخم جاہ بہادر و پروفیسر انور معظم سابق صدر شعبہ اسلامک اسٹڈیز عثمانیہ یونیورسٹی کا انتخاب کیا گیا تھا تاہم پرنس مفخم جاہ بہادر کی بیرونی دورہ پر روانگی کے سبب اُنھیں بعد میں ایوارڈ پیش کیا جائیگا۔ مخدوم ایوارڈ برائے سال 2015 ء تا 2018 ء چار مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات پر پیش کیا گیا۔ 2015 ء کا شاعری کے زمرہ میں مخدوم ایوارڈ ڈاکٹر فاروق شکیل، 2016 کا فکشن میں مخدوم ایوارڈ پروفیسر بیگ احساس سابق صدر شعبہ اُردو سنٹرل یونیورسٹی حیدرآباد، 2017 ء کا صحافت میں مخدوم ایوارڈ جناب رشیدالدین بیورو چیف روزنامہ سیاست و 2018 کا مخدوم ایوارڈ طنز و مزاح کے زمرہ میں ڈاکٹر عباس متقی کو پیش کیا گیا۔ ایوارڈ کے تحت نقد رقم، مومنٹو، توصیف نامہ اور شال پیش کی گئی۔ اِسکے علاوہ 2014 تا 2017 کے کارنامہ حیات ایوارڈس پیش کئے گئے جنکی تعداد 26 ہے۔ شاعری کے زمرہ میں حضرت امجد حیدرآبادی و حضرت سعید شہیدی ایوارڈس پیش کئے گئے جبکہ فروغ اُردو میں سرینواس لاہوٹی ایوارڈ دیا گیا۔ صحافت میں محبوب حسین جگر ایوارڈ، تحقیق و تنقید میں محی الدین قادری زورؔ ایوارڈ، نثر میں ڈاکٹر آغا حیدر حسن اور تعلیم و تدریس میں پروفیسر حبیب الرحمن ایوارڈس پیش کئے گئے۔