نئی دہلی : انجمن ترقی اردو (ہند)نے بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کو مکتوب لکھ کر بہار میں اردو کے ساتھ ہونے والی ناانصافی اور رفتہ رفتہ ختم کئے جانے کے سلسلے پرلگام لگانے اور اردو کا لزوم برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے ۔اس خط میں کہا گیا ہے کہ انجمن ترقی اردو (ہند) اس مکتوب کے ذریعے یہ واضح کرنا چاہتی ہے کہ بہار کی حکومت نے اردو کو پہلی اور لازمی زبان کے بجاے تیسری اور اختیاری زبان کے طور پر اسکولوں کے تعلیمی نظام میں پڑھانے کا جو فیصلہ کیا ہے ، وہ کسی طرح درست نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ انجمن کا یہ موقف بھی ہے کہ اگر کوئی ایک شخص بھی کسی زبان کو اپنی مادری زبان قرار دیتا ہے ، تو اس کے اس حق کا تحفظ کیا جانا چاہیے ۔