محمد نذیر اور وینکٹ کرشنا کو وائس چانسلر کی مبارکباد
حیدرآباد 30 ستمبر (سیاست نیوز) مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی سے وابستہ 2 طالب علم تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے گروپ II سرویس امتحانات میں منتخب ہوئے ہیں۔ پروفیسر علیم باشاہ ڈائرکٹر سیول سرویسس اگزامنیشن ریزیڈنشیل کوچنگ اکیڈیمی کے مطابق کوچنگ اکیڈیمی سے وابستہ محمد نذیر اسسٹنٹ رجسٹرار کے عہدہ کے لئے منتخب ہوئے جبکہ سی ایچ وینکٹ ومشی کرشنا نائب تحصیلدار عہدہ کے لئے اہل قرار پائے ہیں۔ واضح رہے کہ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن گروپ I میں اُردو یونیورسٹی کے 5 طلبہ کوالیفائی ہوئے ہیں جن کے تقررات مختلف محکمہ جات میں عمل میں آئے ہیں۔ ڈی وناجا کو اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ کلکٹر، جی سنگیتا ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس، جی پون کلیان اسسٹنٹ ٹریژری آفیسر، ایم راج شیکھر اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایمپلائمنٹ آفیسر اور کے میری گولڈ اسسٹنٹ کمرشیل ٹیکس آفیسر کے طور پر منتخب ہوئے ہیں۔ وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن اور پروفیسر اشتیاق احمد رجسٹرار نے گروپ I اور گروپ II میں منتخب امیدواروں کو مبارکباد پیش کی اور کوچنگ اکیڈیمی کی خدمات کو سراہا۔
