ممبئی: شیوسینا لیڈر سنجے راوت نے کہا کہ بالی ووڈ اداکارہ اُرمیلا ماتونڈکر کو مہاراشٹرا لیجسلیٹیو کونسل کی رکن کیلئے نامزد کیا جاسکتا ہے۔ اس کا قطعی فیصلہ چیف منسٹر اُدھو ٹھاکرے کریں گے۔ 46 سالہ اُرمیلا کا نام گورنر کی جانب سے نامزد کئے جانے والے 12 امیدواروں میں شامل ہے۔ سنجے راوت نے کہا کہ میں نے سنا ہے کہ ارمیلا کو کونسل کا رکن بنایا جائے گا۔ ریاستی کابینہ کا یہ اختیار تمیزی ہے کہ وہ اس سلسلے میں فیصلہ کرے۔ اداکارہ نے ممبئی شمالی پارلیمانی حلقہ سے کانگریس امیدوار کی حیثیت سے مقابلہ کیا تھا اور وہ ناکام رہی تھیں۔ بعدازاں انہوں نے کانگریس پر گروہ بندی کا الزام لگاتے ہوئے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔ ریاستی گورنر کو اختیار ہے کہ وہ لیجسلیٹیو کونسل کیلئے 12 ارکان کو نامزد کریں۔ یہ نامزدگی ادب ، آرٹ ، سائنس ، کوآپریٹیو موؤمنٹ اور سوشیل سرویس سے وابستہ افراد کیلئے ہوتی ہے۔