لالو نائیک نے زبینہ بیگم کو سلیوٹ کرتے ہوئے معین آباد پولیس اسٹیشن میں استقبال کیا
حیدرآباد۔ 6 فروری (سیاست نیوز) اکثر دیکھا جاتا ہے کہ ماں باپ اپنی اولاد کو خود سے زیادہ ترقی کرتا دیکھنا چاہتے ہیں جبکہ دوسری جانب اساتذہ بھی اپنے شاگردوں کو سماج میں اونچے مقام پر دیکھنے کے خواہشمند ہوتے ہیں۔ کچھ اسی طرح کا ایک واقعہ ضلع وقارآباد کے ایک پولیس اسٹیشن میں نظر آیا جہاں ایک کانسٹیبل پربھاوَت لالو نائیک اپنی شاگرد زبینہ بیگم کو پولیس ملازمت کی ٹریننگ دی جس کے نتیجہ میں وہ سَب انسپکٹر بن گئی اور دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں استاد اور شاگرد ایک ہی پولیس اسٹیشن میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وقارآباد پرگی منڈل چودھری گوڑا موضع کے رہنے والے پربھاوَت لالو نائیک بھی ایک غریب خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ اُن کے والد نے انہیں پرگی کے سرکاری اسکولس میں چوتھی کلاس میں داخلہ دلایا جہاں سے انہوں نے انٹرمیڈیٹ تک تعلیم حاصل کی۔ بعد میں پالونچہ میں ڈگری کی تعلیم حاصل کی، اور ایم اے۔ بی ایڈ کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد پرگی کے خانگی جونیر کالج میں لیکچرر کی حیثیت سے خدمات انجام دی۔ کورونا وباء کے دوران کالج کے بند ہوجانے پر وہ روزگار سے محروم ہوگئے۔ مگر ان کا عزم و حوصلہ کم نہیں ہوا۔ 2020ء میں وہ مسابقتی امتحان تحریر کرکے پولیس کانسٹیبل کیلئے منتخب ہوئے۔ فی الحال رنگاریڈی معین آباد پولیس اسٹیشن میں کانسٹیبل کی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ لالو نائیک جب لیکچرر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے، اُس وقت غریب خاندان سے تعلق رکھنے والی اُسی ضلع کی مکتا وینکٹ راؤ گاؤں کی طالبہ زبینہ بیگم نے انٹرمیڈیٹ میں داخلہ لیا۔ تعلیم میں عمدہ مظاہرہ کو پیش نظر رکھتے ہوئے لالو نائیک نے زبینہ بیگم کی حوصلہ افزائی کی۔ جب وہ انٹر سال دوم میں تھی، والدین اس کی شادی کرنا چاہتے تھے، لیکن لالو نائیک نے زبینہ بیگم کے ماں باپ سے بات کرکے شادی کے اِرادہ کو ترک کرادیا۔ انٹر کے بعد ڈگری تک اس لڑکی کی تعلیم میں لالو نائیک نے بھرپور تعاون کیا اور حوصلہ افزائی کی جس کے بعد زبینہ بیگم نے پولیس امتحانات کی تیاری کی اور 2024ء میں سَب انسپکٹر بن گئی۔ ایک سال کی تربیت کے بعد زبینہ بیگم معین آباد پولیس اسٹیشن میں پروبیشن پر پوسٹ ہوئی جب لالو نائیک کو پتہ چلا کہ اُن کی شاگرد ایس آئی بن کر پہنچ رہی ہے تو لالو نائیک نے مین گیٹ پر زبینہ بیگم کو سلیوٹ کرکے ان کا اِستقبال کیا۔ 2