نئی دہلی 5 ڈسمبر (ایجنسیز) مرکزی وزیر اقلیتی اُمور کرن رجیجو نے جمعہ کو واضح کردیا کہ امید پورٹل پر وقف جائیدادوں کے رجسٹریشن کے لئے دی گئی قطعی مہلت میں کوئی توسیع نہیں کی جارہی ہے لیکن یہ بھی کہاکہ جنھوں نے رجسٹریشن کی کوشش کی لیکن اُس کی تکمیل نہ کرسکے، اُن کے لئے کچھ رعایت دی جائے گی اور اُنھیں آئندہ 3 ماہ کے لئے جرمانہ سے استثنیٰ رہے گا۔ مرکزی وزیر نے بتایا کہ جمعہ 5 ڈسمبر کی صبح تک 1.51 لاکھ جائیدادیں رجسٹر کی جاچکی ہیں۔ اُنھوں نے زور دیا کہ ایسے متولی جنھوں نے اُمید پورٹل پر رجسٹریشن کی کارروائی شروع نہیں کی، وہ اپنے متعلقہ وقف ٹریبونل سے رجوع ہوسکتے ہیں۔ مرکزی حکومت نے یونائیٹیڈ وقف مینجمنٹ، امپاورمنٹ، ایفی شنسی اینڈ ڈیولپمنٹ (UMEED) ایکٹ سنٹرل پورٹل 6 جون کو شروع کیا تھا تاکہ تمام وقف املاک کو ڈیجیٹل طور پر محفوظ کیا جاسکے۔ اِس پورٹل پر ایسی گنجائش فراہم کی گئی کہ ملک بھر کی تمام درج رجسٹر وقف جائیدادوں کی تفصیلات اندرون 6 ماہ امید پورٹل پر اپ لوڈ کردینا ضروری ہے۔ 6 ماہ کی مہلت برائے رجسٹریشن جمعہ 5 ڈسمبر کو ختم ہوئی ہے۔ کئی ایم پیز اور سماجی رہنما مرکزی وزیر سے رجوع ہوئے اور زائداز9 لاکھ وقف جائیدادوں کے رجسٹریشن میں اُمید پورٹل پر تکنیکی مسائل پیش آنے کی شکایت کی۔ اِس لئے اُنھوں نے آخری تاریخ میں توسیع چاہی لیکن مرکزی حکومت نے اِسے قبول نہیں کیا۔