اُمید پورٹل میں وقف جائیدادوں کا اندراج لازمی ، 5 ڈسمبر آخری تاریخ

   

یہ رجسٹریشن سرکاری ریکارڈس میں تبدیل ہوگا ، سنگاریڈی میں محمد صابر حسین وقف انسپکٹر متحدہ میدک کی میڈیا سے بات چیت
سنگاریڈی ۔13 نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) امید پورٹل میں وقف جائیدادوں کے اندراج اور اس خصوص میں رہنمائی کی فراہمی کے لیے ملی فورم سنگاریڈی کے زیر اہتمام ملی فورم دفتر نزد اسلامک سنٹر سنگاریڈی میں ملی گائڈنس سنٹر کا قیام عمل میں آیا۔ جناب محمد صابر حسین وقف انسپکٹر متحدہ ضلع میدک نے ملی گائڈنس سنٹر کا دورہ کیا اور اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے کہا کہ حکومت ہند کے امید پورٹل پر نئے اور پرانے مساجد، درگاہوں، مدرسہ، عیدگاہ، عاشور خانے، چھلے، قبرستان، دائرہ، تکیہ اور دیگر وقف اداروں کا اندارج لازمی ہے اور رجسٹریشن کی آخری تاریخ 5 ڈسمبر ہے چنانچہ رجسٹریشن کے کام کو جنگی بنیاد پر کیا جانا چاہئے۔ امید پورٹل پر وقف جائدادوں کے رجسٹریشن سے متعلق نہ صرف شعور بیداری بلکہ فوری اندراج وقت کی اہم ضرورت ہے چونکہ مستقبل میں امید پورٹل کا رجسٹریشن بہت کارآمد ثابت ہوگا اور یہ سرکاری ریکارڈ میں تبدیل ہوگا۔ مستقبل میں پریشانی یا رکاوٹ پیدا نہ ہوں اس کے لیے ابھی فوری طور پر امید پورٹل پر رجسٹریشن کروانا ضروری ہے۔ متحدہ ضلع میدک میں جملہ 6325 اوقافی ادارے ہیں جس کے تحت 23 ہزار 910 ایکر اراضی ہے ان میں 1431 قبرستان، 469 مساجد، 2118 عاشور خانہ، 320 چھلہ اور 41 تکیہ کے علاوہ دیگر ادارے ہیں۔ وقف بورڈ اپنی ذمہ داری بخوبی انجام دے رہی ہے اور امید پورٹل پر وقف جائیدادوں کا اندراج کر رہی ہے۔ گزٹ نوٹیفائڈ وقف جائدادوں میں سے وقف بورڈ کے راست انتظام میں موجود وقف جائدادوں اور اداروں کا اندراج وقف بورڈ خود کر رہی ہے جبکہ وقف بورڈ کے منظور شدہ متولی اور انتظامی کمیٹیوں کے زیر انتظام وقف اداروں اور جائدادوں کا رجسٹریشن انہیں خود کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی وقف جائدادیں جن کا رقبہ وقف گزٹ نوٹیفیکیشن سے زیادہ ہے اس کی درستگی کے لیے متعلقہ کمیٹی یا افراد اس کے دستاویز یا شواہد وقف بورڈ میں جمع کروائیں تاکہ بوقت رجسٹریشن رقبہ بالکل صحیح اور درست درج کیا جاسکے۔ نئے قبرستان اور مساجد بھی رجسٹریشن کروائیں۔ انہوںنے ملی گائڈنس سنٹر کے قیام پر ملی فورم سنگاریڈی کی ستائش کی۔ محمد شفیع الرحمن صدر ملی فورم سنگاریڈی نے کہا کہ ملی گائڈنس سنٹر کے قیام کا مقصد ملی خدمت ہے۔ اس سنٹر پر امید پورٹل میں وقف اداروں اور جائیدادوں کا مفت رجسٹریشن کی سہولت کے علاوہ مکمل رہبری فراہم کی جائے گی ۔ جناب محمد مختار حسین جنرل سکریٹری ملی فورم نے کہا کہ امید پورٹل سے متعلق عوام میں شعور پیدا کرنے کے علاوہ مفت خدمات فراہم کی جا رہی ہے۔ امید پورٹل پر درخواستوں کے آن لائن اندراج کے لیے حافظ شیخ عارف سینئر صحافی اور محمد عرفان 7 آن لائن سرویسس کی گراں قدر خدمات کی ستائش کرتے ہوے ان سے اظہار تشکر کیا اور عوام سے اس سنٹر سے استفادہ کی خواہش کی۔ اس موقع پر ایم اے وحید صدر ملی فورم سنگاریڈی، سید شاہنواز نائب صدر، ایم اے رشید حوائنٹ سکریٹری، ریاض الدین مشیر، میر ذولفقار علی منیر مشیر، سید غوث محی الدین مشیر، حافظ ایم اے واجد رکن عاملہ، سید جنید اور دیگر موجود تھے۔