نئی دہلی، 24 دسمبر (یواین آئی) کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر راہول گاندھی نے اُناؤ اجتماعی عصمت دری معاملے میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے سابق رکن اسمبلی کلدیپ سینگر کو ضمانت ملنے اور متاثرہ کے احتجاج پر اس کے ساتھ ہوئے برتاؤ پر حیرت ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انصاف دینے کے بجائے اس کے ساتھ ناانصافی کی جا رہی ہے ۔ راہوہل گاندھی نے چہارشنبہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں سوال کیا کہ آخر انصاف کیلئے آواز اٹھانے والی عصمت دری متاثرہ کے ساتھ ناانصافی کیوں ہو رہی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت میں سب کو احتجاج کرنے کا حق ہے اور اگر پولیس احتجاج کرنے والوں کے ساتھ اس طرح کا برتاؤ کرتی ہے تو یہ ناانصافی ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا ایک اجتماعی عصمت دری متاثرہ کے ساتھ ایسا برتاؤ مناسب ہے ۔ کیا اس کی ’’غلطی ‘‘ یہ ہے کہ وہ انصاف کیلئے اپنی آواز بلند کرنے کی ہمت کر رہی ہے ۔ اس کے مجرم (سابق بی جے پی ایم ایل اے ) کو ضمانت ملنا انتہائی مایوس کن اور شرمناک ہے ۔ خاص طور پر اس وقت جب متاثرہ کو بار بار اذیت دی جا رہی ہو اور وہ خوف کے سائے میں جی رہی ہو۔ عصمت دری کرنے والوں کو ضمانت اور متاثرہ کے ساتھ مجرموں جیسا سلوک،یہ کیسا انصاف ہے ۔ راہول نے کہاکہ ہم صرف ایک مردہ معیشت ہی نہیں ہیں بلکہ ایسی غیر انسانی واقعات کے ساتھ ہم ایک مردہ سماج بھی بنتے جا رہے ہیں۔ جمہوریت میں اختلاف کی آواز اٹھانا حق ہے اور اسے دبانا جرم ہے ۔ متاثرہ کو وقار، تحفظ اور انصاف ملنا چاہیے ،نہ کہ بے بسی، خوف اور ناانصافی۔
