بھٹی وکرامارکا نے انتظامات کا جائزہ لیا، ہزاروں فٹبال شائقین کی شرکت کا امکان
حیدرآباد۔ 7 ڈسمبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا اور وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے اُپل اسٹیڈیم کا دورہ کرکے 13 ڈسمبر کو ہونے والے فرینڈلی فٹبال میاچ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ مشہور فٹبال کھلاڑی میسی اور چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ٹیموں کا دوستانہ مقابلہ ہوگا۔ فٹبال میاچ کے سلسلہ میں شائقین میں غیر معولی جوش و خروش پایا جاتا ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ فٹبال میاچ کے مشاہدہ کیلئے ریاست بھر سے نوجوان و فٹبال شائقین شرکت کرینگے۔ بھٹی وکرامارکا نے اُپل اسٹیڈیم میں نقائص سے پاک انتظامات کی ہدایت دی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ عالمی سطح پر شہرت رکھنے والے فٹبال کھلاڑی لیونل میسی کے ہزاروں پرستار ہیں جنہیں 13 ڈسمبر کے میاچ کا انتظار ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ کے ضمن میں فرینڈلی فٹبال میاچ کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میسی عالمی سطح پر اپنی مقبولیت رکھتے ہیں۔ فرینڈلی میاچ کے ضمن میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کی نگرانی میں انتظامات مکمل کئے گئے۔ میسی اور چیف منسٹر کی ٹیموں کے درمیان دوستانہ مقابلے کیلئے وسیع سیکوریٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ بھٹی وکرامارکا کے مطابق میسی نے تلنگانہ رائزنگ فیسٹیول میں شرکت سے دلچسپی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے فٹبال شائقین سے اپیل کی کہ وہ مقررہ وقت سے قبل اسٹیڈیم پہنچ جائیں کیونکہ ملک بھر سے فٹبال شائقین کی آمد کا امکان ہے۔ فٹبال شائقین کیلئے اسٹیڈیم میں بہتر سہولتیں فراہم کی جائینگی۔ رچہ کنڈہ پولیس کمشنر کو سیکوریٹی انتظامات کی ہدایت دی گئی ہے۔ پولیس اور حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن حکام نے ڈپٹی چیف منسٹر کو انتظامات کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے میسی اور دیگر کھلاڑیوں کے علاوہ اہم ترین شخصیتوں کی آمد و رفت کیلئے طے کردہ روٹ پر انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیم میں گنجائش کے اعتبار سے شائقین کو داخلے کی اجازت دی جائے اور پارکنگ کے موثر انتظامات کئے جائیں۔ میٹرو اور آر ٹی سی کو خصوصی سرویسیس کی ہدایت دی گئی ہے۔ ریاستی وزیر ڈی سریدھر بابو کے علاوہ اڈیشنل ڈائرکٹر جنرل وجئے کمار، کمشنر رچہ کنڈہ سدھیر بابو، روہن ریڈی، اسپورٹس اتھاریٹی صدر نشین شیوسینا ریڈی و حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کے عہدیدار موجود تھے۔ 1