حیدرآباد ۔ 26 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے اُپل رنگ روڈ پر تعمیر کیا جانے والا اسکائی واک کی تعمیرات آخری مراحل میں پہونچ گئی ہیں ۔ عنقریب اس اسکائی واک کا افتتاح کیا جائے گا ۔ ایچ ایم ڈی اے نے بتایا کہ اس اسکائی واک کی تعمیرات پر جہاں 25 کروڑ روپئے خرچ ہوئے ہیں وہیں 1000 ٹن سے زیادہ لوہے کا بھی استعمال ہوا ہے ۔ تمام عصری سہولتوں کا استعمال کرتے ہوئے اسکائی واک کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ اس اسکائی واک کے لیے 6 انٹری اور 6 اگزٹ پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں ۔ ناگول روڈ ، رامنتا پور روڈ ، جی ایچ ایم سی تھیم پارک ، جی ایچ ایم سی آفس کے قریب ورنگل بس اسٹاپ ، اُپل پولیس اسٹیشن ، اپل الکٹریکل سب اسٹیشن کے مخالف سمت انٹری اور اگزٹ پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں ۔ حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے ایک پریس نوٹ میں بتایا کہ مستقبل کی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے اس اسکائی واک کو تعمیر کیا گیا ہے ۔ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کی ہدایت اور مشوروں کو اہمیت دیتے ہوئے اسکائی واک کے کاموں کو تکمیل کیا گیا ہے جس کے دستیاب ہوجانے کے بعد ٹریفک مسائل بڑی حد تک گھٹ جائیں گے ۔ پرنسپل سکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق اروند کمار نے زیر تعمیر اسکائی واک کا معائنہ کیا اور اپنے ٹوئیٹر اکاونٹ پر اس کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ 660 میٹر طویل اسکائی واک کی تعمیر پر 25 کروڑ روپئے خرچ ہوئے ہیں جس میں 9 لفٹس اور 3 اسکلیٹرس کی سہولتیں دستیاب ہیں ۔۔ ن