اُڈیشہ میں ہیراکُڈ تالاب سے پانی کا اخراج ، پانچ اضلاع زیرآب

   

بلندشہر ۔13 ستمبر ۔ (سیاست ڈاٹ کام )ہیراکُڈ تالاب میں سطح آب میں کمی کی وجہ سے شدید تشویش پیدا ہوگئی تھی لیکن اب سطح آب میں زبردست اضافہ کی وجہ سے فاضل پانی خارج کیا گیا جس کے نتیجہ میں نشیبی علاقہ میں واقع اڈیشہ کے پانچ اضلاع زیر آب آگئے ۔ سرکاری عہدیداروں کے بموجب آبگیر علاقوں میں ْزبردست بارش کی وجہ سے دریائے مہاندی کی سطح آب میں اور اس کے نتیجہ میں ہیراکُڈ تالاب کی سطح آب میں مسلسل اضافہ ہورہا تھا جس کی وجہ سے آج صبح پانچ دروازے کھولے گئے ۔ کئی نشیبی علاقے خردہ، کٹک ، پوری ، تیندپاڑہ اور جگت سنگھ پور اضلاع میں زیرآب آگئے تاہم دریائے مہاندی اور دیگر بڑی ندیوں کی سطح آب میں خطرے کے نشان سے اوپر اضافہ ہوا ۔