حیدرآباد۔/10 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلگودیشم کے قومی جنرل سکریٹری نارا لوکیش امراوتی اِنر رنگ روڈ مقدمہ میں آج سی آئی ڈی کے روبرو تحقیقات کیلئے پیش ہوئے۔ صبح 10 بجے سے تحقیقات کا آغاز تھا اور نارا لوکیش تاڑے پلی میں واقع اسپیشل انوسٹی گیٹیو ٹیم کے دفتر 5 منٹ پہلے پہنچے۔ واضح رہے کہ سی آئی ڈی نے لوکیش کو تحقیقات کیلئے نوٹس جاری کی ہے۔ لوکیش نے نوٹس کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی جس پر عدالت نے سی آئی ڈی کو تحقیقات کے سلسلہ میں ہدایات جاری کی۔ عدالت نے تحقیقات کے موقع پر لوکیش کے وکیل کی موجودگی کی اجازت دینے کی ہدایت دی۔ عدالت نے کہا کہ کسی بھی معاملہ میں دباؤ نہیں بنایا جاسکتا اور صبح 10 تا شام 5 بجے تک تحقیقات کی جاسکتی ہیں۔ دوپہر ایک بجے لنچ کیلئے وقفہ دیا جائے۔ بتایا جاتا ہے کہ سی آئی ڈی نے شام 5 بجے تک اِنر رنگ روڈ اسکام کے سلسلہ میں لوکیش سے مختلف سوالات کئے۔ واضح رہے کہ اِنر رنگ روڈ معاملہ میں سی آئی ڈی نے چندرا بابو نائیڈو اور نارا لوکیش دونوں کو ملزم بنایا ہے اور دونوں ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے عدالت سے رجوع ہوئے۔