اْدھو اور راج ٹھاکرے کا مہا راشٹرا کے مفادات کیلئے متحد ہونے کا اشارہ

   

ممبئی: ایک اہم پیشرفت میں رشتہ کے بھائیوں اْدھو ٹھاکرے اور راج ٹھاکرے نے جن کے تعلقات کشیدہ ہیں‘ ماضی کے اختلافات کو پرے رکھ کر مہاراشٹرا کے مفادات کے تحفظ اور مراٹھی زبان کی بقاء کے وسیع تر کاز کیلئے متحد ہونے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔شیوسینا یو بی ٹی کے سربراہ اْدھو ٹھاکرے اور مہاراشٹرا نونرمان سینا کے بانی راج ٹھاکرے نے مہایوتی حکومت کے مراٹھی اور انگریزی میڈیم اسکولوں میں اول تا پانچویں جماعت ہندی کو لازمی قراردینے کے فیصلہ کی شدید مخالفت کی ہے۔ دونوں قائدین نے علیحدہ پلیٹ فارم سے کہا کہ وہ ریاست کی شناخت اور ثقافت جیسے اہم مسائل پر اشتراک کے لئے تیار ہیں۔اداکار و ہدایت کار مہیش منجریکر کو انٹرویو میں راج ٹھاکرے نے کہا کہ اْدھو ٹھاکرے اور میرے درمیان اختلافات معمولی ہیں۔ ریاست مہاراشٹرا ان سے بہت بڑی ہے۔ یہ اختلافات مہاراشٹرا اور مراٹھی عوام کی بقاء کیلئے مہنگے پڑرہے ہیں۔