کابل ۔ بدنام زمانہ دہشت گرد گروپ اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس) نے افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ایک رہائشی علاقے میں ہوئے مہلک دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے ۔ جمعہ کو کابل کے مغربی کنارے پر سر کاریز میں ہونے والے دھماکے میں آٹھ افراد ہلاک اور 18 زخمی ہو گئے ۔ راہگیروں کو نشانہ بنانے کے لیے دھماکا خیز مواد ایک ٹھیلے میں رکھا گیا تھا۔ دوسری جانب آئی ایس نے دعویٰ کیا ہے کہ دھماکے میں 20 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ 2014 سے افغانستان میں سرگرم آئی ایس کو ملک کے سب سے سنگین سیکورٹی چیلنج کے طور پر دیکھا جاتا ہے ۔ طالبان نے گزشتہ سال اگست میں ملک کا کنٹرول سنبھال لیا تھا۔
جنوبی کوریا میں کورونا انفیکشن کے ایک لاکھ سے زیادہ نئے کیسز
سیول ۔ جنوبی کوریا میں کورونا انفیکشن کی رفتار ایک بار پھر زور پکڑ رہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک لاکھ 10 ہزار 666 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ کوریا ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن ایجنسی (کے ڈی سی اے ) کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق یومیہ کیسز کی تعداد ایک دن پہلے ایک لاکھ 12 ہزار 901 تھی، جب کہ گزشتہ ہفتے انفیکشن کے کیسز کی یومیہ اوسط تعداد 97334 تھی۔ نئے کیسز کے ساتھ متاثرین کی کل تعداد دو کروڑ 03 لاکھ 83 ہزار 621 ہو گئی ہے ۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے مزید 45 مریض جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد اس بیماری سے مرنے والوں کی تعداد 25236 ہو گئی۔