آئی این ایف کے خاتمے کے ساتھ یورپ میں میزائلوں کی تعیناتی خطرناک:روس

   

ماسکو، 28 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں روس کے سفیر اناطولی انتونوف نے کہا ہے کہ ‘ درمیانہ دوری نیوکلیائی طاقت معاہدہ’ (آئی این ایف ) کے خاتمے کے ساتھ یورپ میں میزائلوں کی ممکنہ تعیناتی سب سے زیادہ خطرناک ہے اور ایسی صورت میں روس کو اضافی کارروائی کرنے کی ضرورت ہو گی ۔ مسٹر ایتونوف نے کہا‘‘ہم نے ہمیشہ کہا ہے کہ سکیورٹی امریکہ اور اس کے حلیفوں کے ساتھ ہم سب کے لئے تشویش کا باعث ہے ۔ یورپی ممالک میں درمیانہ دوری اور کم فاصلے تک مار کر سکنے والے میزائل کی تعیناتی سب سے زیادہ خطرناک ہے ۔ دراصل اس سے ہم 80 کی دہائی کے اواخر میں ہوئے معاہدہ سے پہلے کی صورتحال میں واپس لوٹ سکتے ہیں اور تب یہ پوری طرح سے نئی علاقائی اور اسٹریٹجک صورتحال ہوگی اور اس کے لئے روس کو اضافی کارروائی کرنی ہوگی’’۔ قابل ذکر ہے کہ امریکہ اور سویت یونین (اب روس) نے 1987 میں آئی این ایف پر دستخط کئے تھے ۔ اس کے تحت پانچ سو کلو میٹر سے ساڑھے پانچ ہزار کلومیٹر تک مار کر سکنے والی بیلسٹک اور کروز میزائل کا تجربہ کرنے پر پابندی لگائی گئی تھی، لیکن امریکہ نے گزشتہ دو اگست کو اس معاہدے سے خود کو الگ کر لیا ہے ۔ دونوں ممالک نے بار بار ایک دوسرے پر اس معاہدے کی خلاف ورزی کرنے کا الزام لگایا ہے ۔