دبئی۔24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) دنیا بھر میں کورونا وائرس وبا کی وجہ سے متاثرہ کرکٹ سیریز کی بحالی پر بات چیت کیلئے آئی سی سی چیف ایگزیکٹو کمیٹی کی ٹیلی کانفرنس میں فیوچر ٹور پروگرام اور متاثرہ سیریز کی ری شیڈولنگ پر غور کیا گیا۔آئی سی سی کے ترجمان کے مطابق ٹیلی کانفرنس میں تمام بارہ رکن ملکوں کے بورڈز کے چیف ایگزیکٹوز شریک ہوئے اور مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔آئی سی سی ورلڈ ٹسٹ چیمپئن شپ اور آئی سی سی ونڈے ورلڈ کپ سوپر لیگ پر صورتحال واضح ہونے کے بعد کسی قسم کا فیصلہ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ تاہم یہ بات طے ہوگیا کہ فیوچر ٹور پروگرام میں ردوبدل ہوگا اور اس پر باہمی مشاورت کے ساتھ فیصلہ کیا جائے گا۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور آئی سی سی وویمن ورلڈ کپ کو موخر کرنے پر بھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ فی الحال دونوں ایونٹس کی تیاری شیڈول کے مطابق ہی کی جائے۔اس موقع پر کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو کیون رابرٹس نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے شیڈول کے مطابق انعقاد کے لئے آسٹریلیائی حکومت کے فیصلوں کی روشنی میں کام کیا جائے گا۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا ہے کہ سی ای سی کی ٹیلی کانفرنس کرکٹ کی بحالی کیلئے مشترکہ اقدامات کی جانب پہلا قدم ہے، یہ ایک ایسی صورتحال ہے جس میں سب کا مل کر کام کرنا بے حد ضروری ہے۔
