آئی سی سی پر عائد پابندیوں پر امریکی نظرثانی، اسرائیل کو تشویش

   

واشنگٹن : امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ اپنے پیشرو صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کے اعلی عہدیداروں پر پابندیوں کو رواں ہفتے کے اوائل میں منسوخ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔فارن پالیسی میگزین کی رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ اگرچہ ہم افغانستان اور فلسطین سے متعلق آئی سی سی کے اقدامات سے متفق نہیں ہیں تاہم انتظامیہ ایگزیکٹو آرڈر 13928 کے تحت اْس پر عائد پابندیوں کا پوری طرح سے جائزہ لے رہی ہے۔واضح رہے کہ جنوری میں اسرائیل نے اس خدشہ کا اظہار کیا تھا کہ بائیڈن انتظامیہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے آئی سی سی پراسیکیوٹر فتوؤ بینسودا اور افغانستان میں امریکی اہلکاروں کے ذریعہ کیے جانے والے جنگی جرائم کے ساتھ ساتھ اسرائیلی جنگی جرائم کی تحقیقات کے منصوبوں پر ٹرمپ انتظامیہ کی طرف سے عائد پابندیوں پر نظر ثانی کر سکتی ہے۔جون 2020 میں ٹرمپ نے ایک ایگزیکٹو آرڈر جاری کیا تھا جس میں آئی سی سی کے کسی بھی عہدیدار پر ‘‘اتحادی قوتوں کی رضامندی کے بغیر اتحادی اہلکاروں’’ کیخلاف تحقیقات میں حصہ لینے پر اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔