اسلام آباد : پاکستانی وزیر اعظم عمران خان ماضی میں کرکٹ کی دنیا کے بادشاہ رہے ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی طرف سے کرائے جانے والے ایک سروے میں عمران خان بہترین کپتان قرار دیے گئے ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی طرف سے کرائے جانے والے ایک پول میں عمران خان کو 47.3 فیصد ووٹ ملے اور وہ پول میں شامل کپتانوں کی فہرست میں سے سب سے بہترین کپتان قرار پائے۔ ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی کو دنیا بھر میں ان کے کرکٹ ریکارڈز اور کامیابیوں کے سبب سراہا جاتا ہے۔ تاہم وہ ان تمام تر کامیابیوں کے باوجود مقبولیت کے اعتبار سے اب بھی پاکستان کے موجودہ وزیر اعظم اور سابق کرکٹر عمران سے پیچھے ہیں بھلے یہ فرق کچھ زیادہ نہیں ہے۔ آئی سی سی کے اس پول میں انہیں 46.2 فیصد ووٹ ملے۔کرکٹ کے کھیل کو دنیا بھر میں منظم کرنے والے ادارے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی طرف سے کرائے جانے والے آن لائن پول میں پوچھا گیا، ”ان عظیم کھلاڑیوں میں سے کس کو آپ سب سے بہترین قرار دیں گے۔‘‘اس پول میں عمران خان کے علاوہ بھارت کے موجودہ کپتان ویراٹ کوہلی اور جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈے ویلیئرز کے علاوہ آسٹریلوی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان میگ لیننگ کو شامل کیا گیا۔