آئی سی سی کا سافٹ سگنل ضابطے میں ترمیم پر غور

   

دبئی۔ آئی سی سی بین الاقوامی کرکٹ میں سافٹ سگنل کے ضابطے میں ترمیم پر غورکررہا ہے ۔ حال ہی میں فیلڈامپائروں کے سافٹ سگنل کے سلسلے میں کافی تنازعات سامنے آنے کے بعد یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ آئی سی سی اس ضابطے میں تبدیلی کرسکتا ہے ۔ اس وقت کی خبروں کے مطابق ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی ) کے سکریٹری جے شاہ نے ورچوئل طور سے ہوئی آئی سی سی بورڈ کے اجلاس میں اس معاملے کو سب کے سامنے اٹھایا اور انہیں باقی اراکین کا بھی ساتھ ملا، جو اس بات سے رضامند تھے کہ میدان پر موجود امپائر کے سافٹ سگنل آوٹ دینے کے ضابطے میں تبدیلی کی ضرورت ہے ۔ دراصل احمد آباد میں ہندوستان اور انگلینڈ کے مابین چوتھے ٹی20 میچ کے دوران امپائر کے سافٹ سگنل کی وجہ سے کافی تنازعہ کھڑا ہوا تھا۔انگلینڈ کے فاسٹ بولر سیم کرن کی گیند پر ڈیوڈ ملان نے فائن لیگ پر سوریہ کمار کا کیچ پکڑا تھا لیکن گیند زمین سے چھوتی ہوئی نظر آرہی تھی اورمیدان پر موجود امپائر نے معاملے کو تیسرے امپائر کے پاس بھیجنے سے پہلے اپنا فیصلہ دیتے ہوئے ہندوستانی کھلاڑی کو آؤٹ دے دیا۔ اس کے بعد تیسرے امپائر نے ناٹ آوٹ کا پختہ ثبوت نہ ملنے پر سوریہ کمارکو فیلڈامپائر کے فیصلے کے مطابق آوٹ دے دیا تھا۔ یاد رہے کہ ہندوستان اور انگلینڈ کے علاوہ نیوزی لینڈ بمقابلہ بنگلہ دیش سیریز کے دوران بھی متنازعہ فیصلہ ہوا ہے۔