آئی لیگ فٹ بال ٹورنمنٹ:موہن بگان نے ریئل کشمیر کو2-0سے ہرادیا

   

سری نگر۔5؍ جنوری ( سیاست ڈاٹ کام)سری نگر کے قلب میں واقع ٹی آر سی گرائونڈ میں آج قومی سطح کے فٹ بال ٹورنمنٹ آئی لیگ سیشن 2019-20ء میں میزبان ٹیم ریئل کشمیر کا مشہور کلکتہ کی موہن بگان ٹیم سے مقابلہ ہوا جس میں موہن بگان نے رئیل کشمیر کو 2-0سے ہرادیا ۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق اتوار کو موسم مجموعی طور پر خشک رہا جس پر فٹ بال خاص طور پر ریئل کشمیر فٹ بال کلب کے شائقین نے اطمینان کا اظہار کیا اور میاچ کا بھر پور لطف لیا اگر چہ ان کی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ریئل کشمیر اور موہن بگان کی فٹ بال ٹیموں کے کوچوں اور کھلاڑیوں نے کل ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرکے ٹیموں کی جیت کی توقع ظاہر کی تھی ۔موہن بھگان کی ٹیم کے کوچ جویو انٹونیو نے کہا تھا کہ وہ یہاں ایک اہم میچ کھیلنے آئے ہیں۔ ہمارے کھلاڑی ریئل کشمیر کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔ ۔ریئل کشمیر کے کوچ ڈیوڈ روبرٹسن کا کہنا تھا کہ یہ میچ ان لئے ایک مشکل میچ ہے۔ یہ ہمارے لئے چیلنج سے بھرپور میچ ہوگا۔ ہمارے کھلاڑی بھی جانتے ہیں کہ انہیں موہن بگان کو شکست دینے کے لئے زیادہ محنت کرنی ہے’۔سری نگر میں آئی لیگ کے رواں سیشن کا پہلا میچ 26 دسمبر کو کھیلا گیا جس میں میزبان ٹیم نے دفاعی چمپئن چینائی فٹ بال کلب کو 2-1 سے ہرا دیا۔ اس میچ کو دیکھنے کیلئے ہزاروں کی تعداد میں فٹ بال شائقین بشمول زن و مرد اسٹیڈیم امڈ آئے تھے۔شدید سردی کے باوجود میچ دیکھنے کیلئے شائقین کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود تھی۔