ممبئی : انگلینڈ کے آل راؤنڈر بین اسٹوکس نے کہا ہے کہ آئی پی ایل میں انگلینڈ کے زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کی شرکت اور لیگ میں دباؤ کے لمحات میں مظاہرہ کرنے کا تجربہ انھیں یہاں سال کے اواخر منعقد شدنی ورلڈکپ میں بہتر مظاہرہ کے لئے سودمند ثابت ہوگا۔ گزشتہ چند برسوں سے انگلینڈ کے کئی کھلاڑی دولتمند ہندوستانی لیگ میں شرکت کررہے ہیں اور اس مرتبہ 14 ایسے کھلاڑی آئی پی ایل میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے جوکہ انگلش ٹیم میں ورلڈکپ کے لئے شامل کئے جاسکتے ہیں۔ اِن کھلاڑیوں میں کپتان ایان مورگن کے علاوہ جوس بٹلر، بین اسٹوکس، جانی بیرسٹو، معین علی، سام کرن، ٹام کرن، سام بلنکس، لیام لنگسٹون اور ڈیوڈ ملان قابل ذکر ہیں۔ بین اسٹوکس نے کہا ہے کہ یقینا اِن کھلاڑیوں کی آئی پی ایل میں موجودگی انگلش ٹیم کے لئے فائدہ مند ہوگی۔ آئی پی ایل 2021 میں راجستھان رائلز کی نمائندگی کرنے والے بین اسٹوکس نے رواں سیزن کے آغاز سے قبل اسکائی اسپورٹس کو دیئے گئے انٹرویو میں کہاکہ آئی پی ایل میں شرکت سے نہ صرف کھلاڑیوں کو انفرادی طور پر بلکہ اجتماعی طور پر انگلش ٹیم کو فائدہ ہوگا اور وہ رواں برس منعقد شدنی ورلڈکپ میں بہتر مظاہرہ کرسکتے ہیں۔یہاں اس بات کا تذکرہ بھی اہم ہے کہ ہندوستان رواں برس کے آخر میں ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی کررہا ہے اور بین اسٹروک نے کہاکہ انگلش ٹیموں کے لئے یہ ایک بہترین موقع ہوگا کہ وہ ورلڈ کپ سے قبل آئی پی ایل کے ذریعہ ملنے والے سنہری موقع سے بھرپور فائدہ اُٹھائیں۔ اسٹوکس کے بموجب آئی پی ایل میں کروڑہا عوام کی نظریں کھیل پر ہوتی ہیں اور اِس دباؤ کے لمحات میں بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے کھلاڑی خود کو ورلڈکپ کیلئے تیار کرسکتے ہیں۔