میلبورن۔ تجربہ کار سابق وکٹ کیپر ایڈم گلکرسٹ نے عالمی کرکٹ میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) فرنچائزز کے بڑھتے ہوئے غلبے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی اجارہ داری کا موجودہ رجحان خطرناک ہے۔گلکرسٹ کا یہ تبصرہ ان رپورٹس کے پس منظر میں آیا ہے کہ آسٹریلیائی اوپنر ڈیوڈ وارنر اس سیزن میں بگ بیش لیگ (بی بی ایل) سے دستبردار ہو سکتے ہیں اور اس کی بجائے زیادہ منافع بخش اماراتٹی20 لیگ میں کھیلیں گے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ آئی پی ایل کی تین فرنچائزز ممبئی انڈینز، کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور دہلی کیپٹلز نے امارات ٹی20 لیگ میں ٹیموں میں سرمایہ کاری کی ہے۔گلکرسٹ نے سین کے ریڈیو پروگرام میں کہا کہ وہ ڈیوڈ وارنرکو بی بی ایل میں کھیلنے پر مجبور نہیں کر سکتے۔ میں یہ سمجھتا ہوں۔ صرف وارنر ہی نہیں دیگر کھلاڑی بھی اس میں شامل ہوں گے۔ یہ آئی پی ایل فرنچائززکا بڑھتا ہوا عالمی غلبہ ہے جو کیریبین پریمیئر لیگ میں متعدد ٹیموں کی مالک ہیں۔ یہ اس بارے میں ہے کہ وہ کہاں کھیل سکتے ہیں اورکہاں نہیں کھیل سکتے۔انہوں نے معذرت کے ساتھ کہا کہ آسٹریلوی کرکٹرس کہتے ہیں میں مختلف ٹورنمنٹس میں اپنی ہندوستانی فرنچائز ٹیموں کے لیے کھیلنے جا رہا ہوں، آپ ان سے سوال نہیں کر سکتے، یہ ان کا استحقاق ہے۔287 ونڈے کھیلنے والے گلکرسٹ اس سے قبل آئی پی ایل کے لیے بھی کھیل چکے ہیں۔ دکن چارجرز اورکنگز الیون پنجاب جیسی ٹیموں کی نمائندگی کی ہے۔ گلکرسٹ دکن چارجرز کے کپتان تھے جب 2009 میں آئی پی ایل خطاب جیتا تھا۔