نئی دہلی۔ آئی پی ایل کے اگلے سیزن میں دو نئی ٹیمیں کھیلتی نظر آئیں گی۔ اس کے لیے نیلامی کا عمل 17 اکتوبر کو منعقد ہونے کا امکان ہے۔ فی الحال بی سی سی آئی نے نیلامی کی تاریخ اور جگہ کا باضابطہ اعلان نہیں کیا ہے، تاہم اس کا اعلان جلد کیا جا سکتا ہے۔ آئی پی ایل کا دوسرا مرحلہ 19 ستمبر سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہونے والا ہے۔اس کی تکمیل کے دو دن بعد ہی نیلامی کا اہتمام کیا جا سکتا ہے۔ذرائع کے مطابق نیلامی کی تاریخ تقریبا 17 اکتوبر مقرر ہے اور نیلامی کے حوالے سے کوئی بھی وضاحت 21 ستمبر تک کی جاسکتی ہے۔ آئی پی ایل گورننگ کونسل نے نئی ٹیموں کی بولی کے لئے 31 اگست کو ٹینڈر جاری کیا تھا۔ یہ نیلامی متحدہ عرب امارات میں آئی پی ایل کے دوسرے مرحلے کے اختتام کے دو دن بعد ہو سکتی ہے، اس لیے یہ پروگرام دبئی یا مسقط میں منعقد کیا جا سکتا ہے۔ملک میں کورونا وبا کے پیش نظر نیلامی کی نوعیت کے بارے میں شکوک و شبہات تھے۔ اب یہ تقریبا واضح ہوچکا ہے کہ کوئی ای۔نیلامی نہیں ہوگی۔بی سی سی آئی نے ابھی تک کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کے قواعد کی تصدیق نہیں کی ہے۔ میگا نیلامی کی تفصیلات نومبر2021 میں فراہم کیے جانے کا امکان ہے اور نیلامی جنوری 2022 مقرر کی جا سکتی ہے۔