آئی پی ایل کے آغاز سے قبل کوروناوائرس کے وار

   

غیر ملکی کھلاڑی کا ٹسٹ مثبت، وانکھڈے اسٹیڈیم کے 8 گراونڈ ورکرس بھی متاثر

ممبئی : انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 14 ویں ایڈیشن کے آغاز سے قبل ہی لیگ میں شامل کھلاڑیوں اور عملے پر عالمی وبا کوروناوائرس نے وار شروع کر دیے ہیں۔ جمعہ 9 اپریل سے شروع ہونے والے ایونٹ کا افتتاحی میچ دفاعی چمپئن ممبئی انڈینز اور رائل چیلنجرز بنگلور کے درمیان چینائی میں کھیلا جائے گا۔ایونٹ کو عالمی وبا سے بچانے کے لیے تماشائیوں کو گراؤنڈ میں میچ دیکھنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ تاہم ایونٹ کے آغاز سے قبل ہی دونوں ٹیموں میں کوروناکے مثبت کیس سامنے آئے ہیں۔ایونٹ میں شامل فرنچائز رائل چیلنجرز بنگلور نے چہارشنبہ کو اپنے ایک ٹوئٹ میں تصدیق کی ہے کہ ٹیم میں شامل غیر ملکی کھلاڑی ڈینئل سیمز کا کوروناٹسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد انہیں آئسولیشن میں بھیج دیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق آل راؤنڈر کھلاڑی میں کوروناکی علامتیں ظاہر نہیں ہوئی ہیں لیکن انہیں آئسولیشن میں طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ فرنچائز کا کہنا ہے کہ ڈینئل کا 3 اپریل کو کوروناٹسٹ کیا گیا تھا جو منفی آیا تھا جبکہ ہندوستان آمد کے موقع پر بھی ان کی کوروناٹسٹ کی رپورٹ منفی تھی۔بیان کے مطابق رائل چیلنجرز بنگلور کی میڈیکل ٹیم ڈینئل سے مسلسل رابطے میں ہے اور ان کی صحت کا مشاہدہ کرتے ہوئے انڈین کرکٹ بورڈ کے طے کردہ پروٹوکول پر عمل کیا جا رہا ہے۔ ڈینئل سے قبل ممبئی انڈینس کی کوچنگ ٹیم میں شامل سابق ہندوستانی وکٹ کیپر کرن مورے کا منگل کو کوروناٹسٹ مثبت آیا تھا۔ کرن نے کوروناکی تصدیق کے بعد خود کو چینائی میں ہی الگ تھلگ کر لیا تھا جہاں دفاعی چمپئن ممبئی انڈینس ایونٹ میں اپنے ابتدائی میچز کھیلے گی۔کوچنگ اسٹاف میں شامل رکن کا کوروناٹسٹ مثبت آنے پر ممبئی انڈینس نے احتیاطی تدابیر کے پیشِ نظر منگل کا ٹریننگ سیشن کو منسوخ کر دیا تھا۔ قبل ازیں ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہیکہ آئی پی ایل پر کورونا وائرس کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔ آئی پی ایل کا پہلا میچ ممبئی انڈینس اور رائل چینلجرس بنگلورو کے درمیان مقرر ہے۔ اس سے پہلے ایک تشویشناک خبر آرہی ہے۔ وانکھڈے اسٹیڈیم کے آٹھ گراونڈس مین کوروناوائرس سے متاثر پائے گئے ہیں۔ وانکھڈے اسٹیڈیم میں آئی پی ایل کے چودہویں سیزن کے دس میچ کھیلے جانے ہیں۔ ممبئی سمیت مہاراشٹرا میں مسلسل بڑھ رہے کورونا وائرس کے معاملات کے پیش نظر بی سی سی آئی کی تشویش بڑھ گئی ہے۔ ’اسپورٹس اسٹار‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتہ وانکھڈے اسٹیڈیم کے 19 گراونڈس مین کا آر ٹی پی سی آر ٹسٹ کیا گیا تھا۔ اس میں سے تین لوگوں کی رپورٹ پہلے ہی آگئی تھی جبکہ پانچ دیگر گراونڈس مین کی رپورٹ یکم اپریل کوآئی ، جس میں انہیں کورونا پازیٹیو پایا گیا ہے۔ آئی پی ایل اس مرتبہ ہندوستان میں ہورہا ہے ، لیکن کورونا کی وجہ سے کئی تبدیلیاں بھی کی گئی ہیں۔ جیسے اس مرتبہ فائنل سمیت سبھی 60 مقابلے چھ شہروں میں ہی کھیلے جائیں گے۔ اس میں احمد آباد ، بنگلورو ، چینائی، دہلی ، ممبئی اور کولکاتہ شامل ہیں۔ لیگ مرحلہ کے 56 میں سے 40 میچ چینائی، ممبئی ، کولکاتہ اور بنگلورو میں کھیلے جائیں گے جبکہ باقی 16 میں سے آٹھ ، آٹھ میچ دہلی اور احمدآباد میں ہوں گے۔ فائنل اور پلے آف مقابلے بھی احمد آباد کے نوتعمیر شدہ نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ اس مرتبہ سبھی ٹیمیں نیوٹرل وینیو پر میچ کھیلیں گی۔ مثال کے طور پر ممبئی انڈینس اپنی مہم کا آغاز چینائی میں رائل چیلنجرس بنگلورو کے خلاف کرے گی وہیں چینائی سوپرکنگس ممبئی میں دہلی کیپٹیلس کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیلے گی۔