کولکاتا : آئی پی ایل 2022 ء پوائنٹس ٹیبل کی نمبر ایک ٹیم گجرات ٹائٹنس نے اپنی پوزیشن کی شایان شان کھیلتے ہوئے آج کوالیفائر 1 میں نمبر 2 پوزیشن کے راجستھان رائلز کو 7 وکٹ سے ہرادیا۔ اِس طرح گجرات نے نمبر ایک پوزیشن پر لیگ مرحلہ کے اختتام کا بھرپور فائدہ اُٹھاتے ہوئے فائنل میں راست رسائی حاصل کرلی ہے۔ راجستھان کو فائنل میں کوالیفائی کرنے کے لئے ایک اور موقع ملے گا جب وہ ایلیمنیٹر میں کامیاب ٹیم سے کوالیفائر 2 میں کھیلے گا۔ گجرات کے کیپٹن ہاردک پانڈیا نے ٹاس جیتا اور راجستھان کو پہلے بیاٹنگ کی دعوت دی جس نے پھر ایک بار اوپنر جوس بٹلر کی شاندار بیاٹنگ (89 رنز) کی مدد سے 188/6 اسکور کئے۔ کپتان سنجو سیمسن نے 47 رنز بنائے۔ ایک مرحلہ پر یہ اسکور گجرات کے لئے مشکل دکھائی دے رہا تھا لیکن ڈیوڈ ملر نے دھواں دھار بیاٹنگ کرتے ہوئے 38 گیندوں میں 68 رنز (ناٹ آؤٹ) کے ساتھ ٹائٹنس کو فائنل میں پہنچادیا۔ ہاردک 40 پر ناٹ آؤٹ رہے۔