لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی مشکلات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ گزشتہ دنوں پاکستان کی ایک خاتون نے بابر اعظم پر آبروریزی کرنے کا الزام لگایا تھا۔ اب یہ پورا معاملہ عدالت میں پہنچ گیا ہے۔ ہفتہ کے روز لاہور کی ایک عدالت نے معاملے کی سماعت کرتے ہوئے بابر اعظم اور ان کی فیملی کو جم کر سرزنش کی۔ عدالت نے کہا کہ بابر اعظم اور ان کی فیملی متاثرہ خاتون کو پریشان کرنا بند کریں۔ عدالت نے اب اس معاملے میں آگے کی کارروائی کے لئے پولیس سے جواب طلب کیا ہے۔ آبروریزی کے بعد اسقاط حمل کا دباو بنایا گیا خاتون نے اپنی عرضی میں الزام لگایا ہے کہ بابر اعظم نے ان سے شادی کو لے کر جھوٹے وعدے کئے۔ جیو ٹی وی کے مطابق عدالت میں خاتون نے کہا کہ بابر اعظم نے شادی کا جھانسہ دے کر ان سے جسمانی تعلقات بنائے، جس کے سبب وہ حاملہ ہوگئیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بابر اعظم نے بعد میں ان پر اسقاط حمل کا دباو بنایا۔ متاثرہ خاتون نے عدالت میں سارے میڈیکل رپورٹ بھی دکھائے۔