آبی تنازعہ ‘9 اگست کو ریور مینجمنٹ بورڈس کا اجلاس

   

حیدرآباد:5 اگست (سیاست نیوز) تلگو ریاستوں کے درمیان آبی تنازعہ کے حل کیلئے کرشنا اور گوداوری ریور مینجمنٹ بورڈس کا مشترکہ اجلاس 9 اگست کو طلب کیا گیا ۔ مرکز نے دونوں ریاستوں کے آبپاشی پراجیکٹس کو ریور بورڈس کے تحت کرکے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس پر تلنگانہ حکومت نے اعتراض جتایا۔ مشترکہ اجلاس میں دونوں ریاستوں کے نمائندے شرکت کریں گے اور اپنا موقف پیش کریں گے۔ اسی دوران تلنگانہ حکومت نے سپریم کورٹ میں آبی تنازعہ پر سماعت اور گرین ٹربیونل میں رپورٹ پی پیشکشی کے پیش نظر 9 اگست کا اجلاس ملتوی کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ حکومت کی جانب سے کرشنا ریور مینجمنٹ بورڈ کو مکتوب روانہ کیا گیا جس میں آندھرا حکومت کے اعتراضات کو مسترد کردیا گیا۔ رائلسیما لفٹ ایری گیشن پراجیکٹ کے معائنے کیلئے سنٹر واٹر کمیشن کی ٹیم میں دیویندر رائو کی موجودگی پر آندھراپردیش نے اعتراض کیا ہے۔ تلنگانہ حکومت کا کہنا ہے کہ سابق میں کبھی بھی دیویندر رائو کی کمیشن میں موجودگی پر اعتراض نہیں کیا گیا۔ گرین ٹربیونل کی ہدایت پر یہ ٹیم رائلسیما لفٹ ایری گیشن پراجیکٹ کا معائنہ کرکے رپورٹ پیش کریگی۔ تلنگانہ نے اجلاس سے قبل پراجیکٹ سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کا مطالبہ کیا ۔ واضح رہے کہ مرکزی حکومت کے نوٹیفکیشن کے بعد تلنگانہ حکومت نے اپنے اختیارات میں کمی کو چیلنج کیا ۔ آبی تنازعہ کے حل کیلئے چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس این وی رمنا نے دونوں ریاستوں میںثالثی کا پیشکش کیا تھا جسے آندھراپردیش نے قبول نہیں کیا جس کے بعد مقدمہ کو سپریم کورٹ کی دوسری بنچ سے رجوع کردیا گیا۔