بھوپال: ‘آتم نربھر بھارت’ کے تصور کو حقیقت میں تبدیل کرنے میں مدھیہ پردیش کا کردار یقینی بنانے کے مقصد سے آج یہاں وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے ‘آتم نربھر مدھیہ پردیش’ سے متعلق روڈ میپ کا افتتاح کیا۔ مسٹر چوہان نے یہاں منٹو ہال میں روڈ میپ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ اس میں دکھائے گئے اہداف کی تکمیل کے لیے پیسے کی کمی نہیں ہونے دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا بحران کے دوران مالی چیلنجز کے باوجود ریاستی حکومت ‘آتم نربھر مدھیہ پردیش’ بنانے کے تئیں پابند عہد ہے ۔ مسٹر چوہان نے بتایا کہ روڈ میپ میں زراعت، کسان، ڈھانچہ جاتی سہولیات، دیہی ترقی، تعلیم، صحت اور دیگر علاقوں میں خود کفیل بننے کی سمت میں بڑھنے کے لیے لائحہ عمل کا ذکر ہے ۔ انہوں نے تمام شہریوں اور ریاستی مشینری سے درخواست کی کہ وہ اس میں مذکور اہداف کو پانے کی مکمل کوشش کریں۔اس موقع پر بی جے پی کے ریاستی صدر وشنودت شرما، ریاستی حکومت کے وزیر، چیف سکریٹری اقبال سنگھ بَیس اور دیگر افسران موجود تھے ۔
