آج مکمل چاند گہن ۔ہندوستان میں دکھائی دے گا

,

   

حیدرآباد: سال کا پہلا مکمل چاند گہن ہندستان میں آج شام دیکھا جاسکتا ہے۔26مئی کو دنیا کے مختلف مقامات پر دیکھے جانے والے چاند گہن کا ہندستان کے بھی بعض علاقوں میں مشاہدہ ممکن ہے اور کہا جا رہاہے چاند گہن کے اوقات کار کے اعتبار سے چاند گہن مختصر وقت کیلئے ہی سہی لیکن ہندستانی شہروں میں دیکھا جاسکتا ہے۔چاند گہن کے اوقات کار کے سلسلہ میں بتایا جا رہا ہے کہ 3بجکر 15 منٹ پر گہن کا آغاز ہوگا اور ہندستانی معیاری وقت کے مطابق6:23 شام کو چاند گہن اختتام کو پہنچے گا۔سال کے اس پہلے مکمل چاند گہن کے سلسلہ میں ماہرین علوم فلکیات کے مطابق شام 4:39سے4:58 تک مکمل چاند گہن رہے گا اور 4:58 سے گہن کا خاتمہ شروع ہوگا جو کہ 6:23 کو مکمل طور پر ختم ہوجائے گا۔ عہدیداروں کے مطابق چاند گہن ہندستان کے علاقوں پورٹ بلیرمیں شام 5:38 سے دیکھا جاسکے گا جو کہ 45 منٹ تک دیکھا جاسکتا ہے لیکن دیگر علاقوں پوری اور مالدا میں شام 6:21 بجے سے دیکھا جاسکے گا لیکن ان علاقوں میں صرف دو منٹ ہی دیکھا جاسکتا ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ سال 2021 کے اس پہلے مکمل چاند گہن کو دنیا بھر کے علاوہ ہندستان میں بھی کافی اہمیت دی جا رہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ سال 2021 کا اگلا اور آخری چاند گہن19 نومبر کو ہوگالیکن یہ مکمل چاند گہن نہیں ہوگابلکہ جزوی چاند گہن رہے گا۔