آج میں خود کو 74 سال کا جوان محسوس کررہا ہوں: چدمبرم

,

   

سالگرہ کے موقع پر سابق وزیر فینانس کا بیان۔ ملک کی معاشی سست روی پر تشویش کا اظہار

نئی دہلی 16 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سابق وزیر فینانس پی چدمبرم آج 74 سال کے ہوگئے۔ اِس موقع پر اُن کے رشتہ دار، رفقاء نے مبارکباد پیش کی۔ جس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے چدمبرم نے ٹوئٹ کیاکہ ہمارے رفقاء کی جانب سے ہمیں یہ بتایا گیا ہے کہ آج ہم 74 سال کے ہوگئے ہیں۔ تاہم میں محسوس کررہا ہوں کہ آج میں 74 سال کا جوان ہوں۔ چدمبرم نے جو اِس وقت آئی این ایکس میڈیا کیس میں تہاڑ جیل میں قید ہیں، نریندر مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ مجھے تاہم اِس وقت اپنی عمر سے زیادہ ملک میں جاری معاشی سست روی پر شدید تشویش ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ محض ایک ہی عدد ملک کی معاشی صورتحال کو سمجھنے کے لئے کافی ہے۔ اِس موقع پر اُن کے فرزند کارتک چدمبرم نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہاکہ آج آپ کو عمر کی 74 ویں بہاریں مبارک ہو۔ آپ بے فکر رہئے آپ کو کوئی بھی 56 انچ والا آگے بڑھنے سے نہیں روک سکتا۔ چدمبرم نے مزید کہاکہ اگسٹ میں برآمدات کی شرح محض 6.5 فیصد تھی۔ ظاہر ہے کسی بھی ملک کی مجموعی گھریلو پیداوار جب تک 20 فیصد کے حساب سے شرح ترقی نہ کررہا ہو تو اُس کے لئے 8 فیصد کے حساب سے معاشی ترقی حاصل کرنا ناممکن ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بس اب ایشور ہی اِس ملک کی معیشت کو مزید تباہ ہونے سے بچاسکتا ہے۔ اِس موقع پر اُن کے پارٹی رفیق جئے رام رمیش نے کہاکہ پی چدمبرم سیاسی تعصب کا شدید نشانہ بنے ہیں تاہم وہ جلد ہی باعزت طریقہ سے اِس مصیبت سے باہر نکل آئیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ آج وہ 74 سال کے ہوگئے ہیں جس کے لئے میں اُنھیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اُنھوں نے کہاکہ میں اُن کے ساتھ 1986 ء سے کافی قریب رہا ہوں اور ساتھ مل کر کام کیا ہے جو میرے لئے وقار اور معلومات کا ذریعہ رہا ہے۔ میری تمام تر مثبت اور نیک تمنائیں اُن کے ساتھ ہیں۔ اُن کے علاوہ پارٹی کے دیگر رفقاء نے بھی چدمبرم کو اُن کی سالگرہ کے موقع پر مبارکباد پیش کی اور جاریہ بحران سے جلد سے جلد باعزت طریقہ سے نکلنے کی تمنا ظاہر کی۔