نئی دہلی ، 24جنوری(سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند ووٹروں کے دسویں قومی دن کے موقع پر مہمان خصوصی ہوں گے ۔یہ دن ہندوستان کے انتخابی کمیشن کی طرف سے 25 جنوری 2020ء کو مانک شا سینٹر ، دہلی کینٹ میں منایا جائے گا۔قانون اور انصاف ، مواصلات اور الیکٹرونکس نیز اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے مرکزی وزیر روی شنکر پرساد بھی اس تقریب میں شرکت کریں گے ۔یہ سال ہندوستان کی جمہوریت میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ، کیونکہ ہندوستان کا انتخابی کمیشن (ای سی آئی)اپنے سفر کے 70 سال مکمل کررہا ہے ۔ووٹروں کا قومی دن (این وی ڈی )2011ء سے ہر سال 25 جنوری کو پورے ملک میں دس لاکھ سے زیادہ مقامات پر منایا جاتا ہے ، جن میں پولنگ مرکزوں کے علاقے ، سب ڈویژن ، ڈویژن ، ضلع اور ریاستی صدر دفتر شامل ہیں۔اس کا مقصد ہندوستان کے انتخابی کمیشن کا یوم تاسیس منانا ہے ، جو 25 جنوری 1950ء کو قائم کیاگیا تھا۔این وی ڈی کا اصل مقصد ووٹروں ، خاص طورپر نئے ووٹروں کو ووٹ دینے کے لئے ان کی ہمت افزائی کرنا اور زیاد ہ سے زیادہ تعداد میں ووٹ دینے پر آمادہ کرنا ہے ۔ملک کے ووٹروں کے نام وقف اس دن کو رائے دہندگان کے درمیان انتخابی عمل میں پوری طرح حصہ لینے کے سلسلے میں آگاہی پیدا کرنا ہے ۔ نئے ووٹروں کو مبارکباد دی جاتی ہے اور انہیں این وی ڈی تقریب میں ان کے تصویر والے فوٹو شناختی کارڈ دیئے جاتے ہیں۔